اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) اسلام آباد ہائی کورٹ نے بڑا حکم جاری کر دیا، انکم ٹیکس ترمیمی ایکٹ 2026 کے نفاذ کے بعد زرعی ترقیاتی بینک کی ریکوری نوٹس کے خلاف پٹیشن پر حکم امتناع خارج کر دیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے زرعی ترقیاتی بینک کی جانب سے دائر رٹ پٹیشن کو قانوناً ختم (Abate) قرار دے دیا، ٹیکس ریکوری نوٹس پر حکم امتناع ختم ہونے سے ایف بی آر ٹیکس کی مد میں اربوں روپے ریکور کر سکے گی۔
عدالتی فیصلے کے مطابق ایسی درخواستیں نئے قانون کے نفاذ کے ساتھ ہی خود بخود ختم ہو گئی ہیں، نئے قانون کی واضح ہدایت کے بعد اب اس معاملے پر مزید سماعت کا اختیار باقی نہیں رہا۔
تحریری فیصلہ کے مطابق 17 مارچ 2026 کو جاری کردہ عبوری حکم نامہ بھی واپس لے لیا گیا ہے، زرعی ترقیاتی بینک قانون کے مطابق کسی دوسرے متعلقہ فورم سے رجوع کر سکتا ہے۔
حافظ احسان کھوکھر نے ایف بی آر کی جانب سے کیس کی پیروی کی، ایف بی آر کی جانب سے ترمیمی ایکٹ کے بعد حکم امتناع خارج کرنے کی درخواست دائر کی گئی تھی۔جسٹس اربابِ محمد طاہر اور جسٹس خادم حسین سومرو نے فیصلہ جاری کیا۔









