لاہور (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور انتخابات کی تیاریوں کے لئے قائم الیکشن سیل کے کوارڈی نیٹر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ امید ہے عدلیہ سے عملے کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی تاکہ شفاف الیکشن ہوں اور نتائج پرکوئی نیا بحران کھڑا نہ ہو، جمہوریت کی مضبوطی کے لئے شفاف الیکشن نا گزیر ہیں اور امید ہے کہ تمام ادارے اپنی آئینی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کریں گے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے الیکشن کے لیے ریٹرننگ افسران کی فراہمی کے لیے درخواست دی گئی تاہم لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے ریٹرننگ افسران کے لیے عدالتی عملے کی فراہمی سے انکار کے بعد دیگر ادارے بھی تعاون سے گریزاں ہیں اور الیکشن کا عمل بیوروکریسی کے رحم و کرم پر ہے۔
ہمیںامید ہے کہ عدلیہ ہماری درخواست کو زیر غور لائے گی اور شفاف الیکشن کے انعقاد کے لئے عدلیہ سے عملے کی فراہمی کے احکامات جاری کئے جائیں گے ۔ موجودہ حالات میں ملک جن مشکلات سے دوچار ہے ایسے میں ایسے الیکشن وقت کا تقاضہ ہیں جن کے نتائج پر کوئی انگلی نہ اٹھاسکے۔









