احسن اقبال 18

امید ہے امریکہ اور ایران کی قیادت معاہدے پر واپس آئے گی’احسن اقبال

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر منصوبہ بندی ، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان اور اس کے برادر ممالک نے امریکہ ، ایران کے درمیان معاہدہ کروایا ،امید ہے جلد کوئی حوصلہ افزاہ بریک تھرو ہوگااورامریکہ اور ایران کی قیادت معاہدے پر واپس آئے گی، ہمیں ڈالر کھپانے والی معیشت کے بجائے کمانے والی معیشت بننا ہے ورنہ آئی ایم ایف کے چنگل سے نہیں نکل سکیں گے۔

ایکسو سنٹر لاہور میں تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ دنیا میں ٹرانسپورٹیشن میں پٹرول سے جان چھڑوائی جارہی ہے،الیکٹرک وہیکل کا انقلاب برپا ہوچکا ہے،پاکستان میں 80فیصد پیٹرول ٹرانسپورٹ پر خرچ ہوتا ہے ،ہماری کوشش ہے کہ ہم تیزی کے ساتھ الیکٹرک وہیکلز کی طرف آئیں ،ضرورت اس بات کی ہے ٹرانسپورٹ اپنے سیکٹر کو اپنی پیدا کی ہوئی بجلی پر چلائے۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان کا مستقبل ہماری برآمدات پر انحصار کرتا ہے،

بدقسمتی سے ڈالر کھا ئوپتر زیادہ ہیں اور بنا ئوپتر کم ہیں،مختلف ممالک میں 90لاکھ اوور سیز پاکستانی 40ارب ڈالر کماتے ہیں جبکہ پاکستان میں موجود 25کروڑ افراد بھی 40ارب ڈالر کی برآمدات کرتے ہیں ، ہمیں ڈالر کھپانے والی معیشت کے بجائے کمانے والی معیشت بننا ہے ورنہ آئی ایم ایف کے چنگل سے نہیں نکل سکیں گے،ہمیںبرآمدات کے ذریعے ڈالر کمانے کی صلاحیت میں اضافہ کرنا ہے،پاکستان کی معیشت ناقابل تسخیر تب ہوگی جب ہمارا ایکسپورٹر زیادہ سے زیادہ کام کرے گا،پاکستان کی ترقی کا انحصار برآمدات پر ہے ،ہمیں اپنی برآمدات میں مزید 10فیصد اضافہ کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایف بی آر میں بہت کام کیا ہے،پاکستان کا شمار دنیا میں کم ترین ٹیکس اکٹھا کرنے والے ممالک میں ہوتا ہے،جن ممالک نے ترقی کی ہے وہاں 14سے 16فیصد ٹیکس لیا جاتا ہے،اگر ٹیکس چوری جاری رہے گی تو ہم عوام کے کام کیسے کریں گے،جو لوگ ٹیکس ادا کرتے ہیں وہ بدقسمتی سے ان لوگوں کا بھی ٹیکس ادا کرتے ہیں جو ٹیکس چوری کرتے ہیں،اگر بد ستور ٹیکس چوری کرتے رہیںگے تو ٹیکس کا بوجھ ان لوگوں پر آئے گا جو ٹیکس ادا کرتے ہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان اور اس کے برادر ممالک نے امریکہ ، ایران کے درمیان معاہدہ کروایا ،کچھ لوگ چاہتے ہیں معاہدہ نہ ہو،مجھے امید ہے جلد کوئی حوصلہ افزاہ بریک تھرو ہوگا،اس جنگ کے اثرات 193ممالک پر پڑرہے ہیں ،ہم امید رکھتے ہیں کہ امریکہ اور ایران کی قیادت معاہدے پر واپس آئے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں