واشنگٹن (رپورٹنگ آن لائن) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی فوج نے آبنائے ہرمز سے بارودی سرنگیں صاف کر دی ہیں۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت آبنائے ہرمز کا کنٹرول صرف امریکی بحریہ کے پاس ہے، ٹرمپ کے مطابق ہماری ناکہ بندی ناقابل تسخیر رہی ہے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ یہ فولادی دیوار کی مانند ہے اور ہم صرف ان لوگوں کو داخل ہونے دیتے ہیں جنہیں ہم اجازت دینا چاہتے ہیں، صورتحال کچھ پیچیدہ ہے کیونکہ ایران کبھی کبھار آبی گزرگاہ میں بارودی سرنگیں بچھا دیتا ہے، ہم ان بارودی سرنگوں کا سراغ لگا لیتے ہیں۔
ٹرمپ نے ایران کے ساتھ مذاکرات کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کے بارے میں کچھ بتانے سے انکار کر دیا تاہم کہا امریکا ایران کے خلاف کارروائی تیز کرسکتا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکا ایران سے پہنچائے گئے نقصانات کا ہرجانہ طلب کرنے جا رہا ہے۔









