مسعود پزشکیان 15

امریکا مفاہمت اختیار کرے، معاہدے کیلئے موجودہ صورتحال بہترین ہے،ایرانی صدر

تہران(رپورٹنگ آن لائن) ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ مذاکرات اور سفارتکاری نے امریکا کو مجبور کیا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ مفاہمت اختیار کرے، معاہدے پر پہنچنے کیلئے موجودہ صورتحال بہترین وقت ہے۔

تہران میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت امریکا کیلئے ضروری تھا کہ ایران اور عمان کی تیار کر دہ گائیڈ لائنز پر عمل کرے تاہم امریکا نے یہ نہیں کیا جس پر ایران کو ردعمل دینا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال میں عام طور پر ایک ٹیم کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ معاہدے کی خلاف ورزیوں سے نمٹا جائے، ایران وقار اور فخر کے ساتھ اس راہ پر آگے بڑھے گا۔

ایرانی صدر نے امریکا کو مجرم اور استعماری حکومت قرار دیتے ہوئے کہا امریکا سے متعلق ایران کا رویہ نہیں بدلا، امریکا اور اسرائیل جانتے ہیں کہ صرف جنگ سے ایرانیوں کو حکم ماننے پر مجبور نہیں کیا جاسکتا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ اپنے مقاصد کیلئے داخلی تقسیم، نااتفاقی اور تنازعات کو بطور حربہ استعمال کر سکتے ہیں، قومی اتحاد اور مزاحمت ہی سکیورٹی اور دفاعی صلاحیتوں کا تحفظ کرنے کیلئے لازم ہیں، ایرانی عوام کو استقامت اور مزاحمت جاری رکھنا ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں