مسعود پیزشکیان 5

جنگ کے بجائے مذاکرات کے ذریعے حقوق حاصل کرنا چاہتے ہیں،ایرانی صدر

تہران( ) ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران ملک کو تسلیمِ شکست یا اطاعت پر مجبور کرنے کے لیے ڈالے جانے والے کسی بھی دباؤ کو قبول نہیں کرے گا۔

پریس ٹی وی کے مطابق اپنی صدارت کے دو سال مکمل ہونے پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا کہ جنگ کے بجائے مذاکرات سے حقوق حاصل کرنا چاہتے ہیں، ایران اپنے اصولی مؤقف سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے گا۔

انہوں نے کہا کہ جب بات چیت سے اپنے حقوق حاصل کر سکتے ہیں تو جنگ کیوں لڑیں، اسرائیل چاہتا ہے جنگ کا سلسلہ جاری رہے، ایران مذاکرات کے ذریعے جنگ بندی کروانے میں کامیاب رہا، مذاکرات کے ذریعے بعض پابندیوں میں بھی نرمی کروائی۔

انہوں نے مزید کہا کہ باقر قالیباف کی ایران کی مذاکراتی ٹیم میں شامل ہونے کی درخواست کی گئی تھی جسے قبول کر لیا، عدلیہ، پارلیمنٹ، مسلح افواج اور دیگر اداروں کے نمائندے بھی مذاکراتی ٹیم کا حصہ ہیں، مذاکراتی ٹیم میں ہر ادارے کی نمائندگی ظاہر کرتی ہے کہ ہم سب ایک ساتھ ہیں۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے زور دیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ان حقوق کا دفاع جاری رکھے گا جنہیں وہ اپنے حقوق سمجھتا ہے، اور اپنی فوجی و دفاعی صلاحیتوں کو برقرار رکھے گا، اگر وہ ہمیں زبردستی جھکانے یا اطاعت پر مجبور کرنے کی کوشش کریں گے تو ہم لڑیں گے، ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے اور نہ ہی سر جھکائیں گے، جب ہم اپنے حقوق حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں تو پھر ہم اس راستے پر کیوں چلیں جو اسرائیل کی خواہش ہے؟

انہوں نے امریکا اور اسرائیل کی جانب سے حالیہ بلااشتعال جارحیت کے دوران ایران کے فوجی ردِعمل کو دفاعی اقدام قرار دیتے ہوئے ملک کی مسلح افواج کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ ہمیں اپنے دفاع پر مجبور کیا گیا، اور خدا کی قسم، ہمارے جنگجوؤں، ایرو اسپیس فورسز، فوج، سپاہِ پاسدارانِ انقلابِ اسلامی اور تمام فوجی اہلکاروں نے بھرپور دفاع کیا اور دنیا کو حیران کر دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں