تہران(رپورٹنگ آن لائن)ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے امریکی قیادت کو سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ اگر واشنگٹن نے ایران کے خلاف کوئی نئی فوجی غلطی کی تو اس بار میدانِ جنگ کا جغرافیہ اور دائرہ کار ایرانی مسلح افواج طے کریں گی۔ تہران میں پارلیمانی اجلاس اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے باقر قالیباف کا کہنا تھا کہ ایران کو اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ امریکا مذاکرات چاہتا یا جنگ، تاہم ایران اب طویل عرصے تک نہ جنگ اور نہ امن کی غیر یقینی کیفیت میں نہیں رہے گا۔
انہوں نے امریکی وزیرِ خزانہ سکاٹ بیسنٹ کے بیانات کو ایرانی طاقت کے سامنے واشنگٹن کی بے بسی قرار دیتے ہوئے کہا کہ فوجی پناہ گاہوں میں چھپنے والوں کو عظیم قوموں کو دھمکیاں دینے کے بجائے خلیج فارس میں اپنی ناکامیوں پر غور کرنا چاہیے۔ اسپیکر نے واضح کیا کہ نئی میزائل سٹی کی رونمائی خطے میں تزویراتی توازن کی تبدیلی کی علامت، اور اگر امریکا واقعی معاہدہ چاہتا تو اسے ایران کی پیش کردہ سات بنیادی شرائط تسلیم کرنا ہوں گی۔









