سردار محمد یوسف 9

اسلام امن،محبت،بھائی چارے اور باہمی رواداری کا دین ہے، سر دار محمد یوسف

مانسہرہ()وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ اسلام امن،محبت،بھائی چارے اور باہمی رواداری کا دین ہے جو ہر حال میں صلح،صفائی اور اتفاق و اتحاد کے ساتھ زندگی گزارنے کی تلقین کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دو مخالف فریقین کے درمیان صلح کرانا نہ صرف ایک عظیم سماجی خدمت ہے بلکہ اللہ تعالی کے نزدیک باعث اجر و ثواب عمل بھی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر وادی سرن کے علاقے اچھڑیاں ترکنال اور دھڑیال کے مشران اور مقامی عمائدین کے ایک بڑے جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کیاجو راستے کے تنازع پر دو فریقین کے درمیان کئی برسوں سے جاری دشمنی کے خاتمے کے لیے منعقد کیا گیا تھا۔

سردار محمد یوسف نے کہا کہ معاشرے میں امن و استحکام کے لیے اختلافات کو بات چیت،برداشت اور جرگے جیسے روایتی و موثر نظام کے ذریعے حل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر اجتماعی بھلائی کو ترجیح دینا ہی ایک پرامن اور مضبوط معاشرے کی بنیاد ہے۔

انہوں نے دونوں فریقین اور جرگے کے معزز اراکین کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ باہمی صلح و صفائی سے نہ صرف ایک دیرینہ تنازع اپنے منطقی انجام کو پہنچا بلکہ علاقے میں امن،بھائی چارے اور یکجہتی کے فروغ کی نئی راہ بھی ہموار ہوئی۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ فریقین آئندہ بھی محبت،احترام اور باہمی اعتماد کے ساتھ مل جل کر رہیں گے اور اس مصالحت کو مستقل بنیادوں پر قائم رکھیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں