اسلام آباد ہائیکورٹ 12

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی سی بی سے معلومات فراہمی کا حکم معطل کردیا

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان اور جنوبی افریقا کی ون ڈے سیریز سے حاصل آمدن، اخراجات اور دیگر تفصیلات فراہم کرنے سے متعلق پاکستان انفارمیشن کمیشن کا حکم معطل کر دیا۔

چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کی درخواست پر سماعت کی اور حکم امتناع جاری کرتے ہوئے پاکستان انفارمیشن کمیشن کا 9 جولائی کا فیصلہ آئندہ سماعت تک معطل کر دیا۔عدالت نے پاکستان انفارمیشن کمیشن اور شہری کاشف شہزاد اعوان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا، پی سی بی کی جانب سے وکیل کاشف ملک ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ پاکستان انفارمیشن کمیشن نے 10 روز میں پاکستان اور جنوبی افریقا کی ون ڈے سیریز سے متعلق تفصیلات شہری کو فراہم کرنے کا حکم دیا تھا۔

درخواست کے مطابق نومبر 2025 میں اقبال اسٹیڈیم میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ون ڈے سیریز کھیلی گئی تھی، جس سے متعلق مالی اور انتظامی معلومات فراہم کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔درخواست میں قومی کرکٹرز کی تنخواہوں، میچ فیس اور دیگر مالی فوائد، کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹس، الانسز اور پی سی بی بجٹ سے متعلق معلومات فراہم کرنے کے احکامات بھی شامل تھے۔پی سی بی کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ طلب کی گئی معلومات صرف ادارہ جاتی اخراجات تک محدود نہیں بلکہ انفرادی شخصیات کی ذاتی مالی معلومات اور خفیہ معاہدوں کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔عدالت نے پاکستان انفارمیشن کمیشن کے حکم پر عملدرآمد روکتے ہوئے سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں