مراد علی شاہ 9

اسفند یار کھرل کی کامیابی پارٹی کارکنوں، عہدیداروں اور عوام کی کامیابی ہے، مراد علی شاہ

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گمبٹ کے صوبائی اسمبلی کے حلقے میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی کے امیدوار اسفند یار کھرل کی کامیابی پر چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو مبارکباد پیش کی ہے۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ اسفند یار کھرل کی کامیابی پیپلز پارٹی کے کارکنوں، عہدیداروں اور عوام کی کامیابی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخاب کے نتائج نے ایک مرتبہ پھر ثابت کردیا ہے کہ سندھ کے عوام کو اپنے مسائل کا حل صرف پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت میں نظر آتا ہے۔سید مراد علی شاہ نے پیپلز پارٹی کے کامیاب امیدوار اسفند یار کھرل اور ان کے اہل خانہ کو بھی کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ عوام نے پیپلز پارٹی کی قیادت اور پالیسیوں پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے پارٹی کارکنوں اور عہدیداروں کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کارکنوں کی محنت اور عوام سے مضبوط رابطہ پیپلز پارٹی کی کامیابی کی بنیادی وجہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں