نیتن یاہو 10

اسرائیلی وزیراعظم کی ہٹ دھرمی، جنوبی لبنان میں قبضہ برقرار رکھنے کا اعلان

تل ابیب (رپورٹنگ آن لائن) اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیلی فوج جنوبی لبنان میں سکیورٹی زون پر قبضہ برقرار رکھے گی۔

اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوجیں جنوبی لبنان میں جب تک ضروری ہوا موجود رہیں گی۔

خیال رہے کہ پاکستان کے اقوام متحدہ میں مستقل مندوب عاصم افتخار نے سلامتی کونسل کو آگاہ کیا ہے کہ اسرائیل نے اب تک لبنان کے 20 فیصد رقبہ پر قبضہ کر لیا ہے جس سے لاکھوں لبنانی شہری بے گھر ہو چکے ہیں۔

نیتن یاہو نے کہا کہ ہم شمال کے عزیز شہریوں اور اسرائیل کے تمام شہریوں کے تحفظ کے لیے جنوبی لبنان کے سکیورٹی زون میں جب تک ضروری ہوا موجود رہیں گے، اس عزم کو کوئی چیز تبدیل نہیں کر سکتی۔

اسرائیلی وزیراعظم نے ایران کے حوالے سے کہا کہ سیاسی حالات جیسے بھی ہوں، میں ایران کو جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دوں گا، جب تک میں اسرائیل کا وزیرِ اعظم ہوں، ایسا نہیں ہو سکتا۔

بعد ازاں ایک عوامی تقریب میں نیتن یاہو نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ کی جنگ نے اسرائیل کا اہم مقصد حاصل کر لیا ہے، یعنی ایران کو ایٹمی ہتھیار رکھنے سے روکنا۔

نیتن یاہو نے کہا کہ ہم نے ایران کو ہمیں مٹانے کے منصوبے پر عمل کرنے سے روکا۔ اگر ہم ایسا نہ کرتے تو آج ان کے پاس ایٹم بم ہوتے اور وہ انہیں استعمال بھی کرتے۔

نیتن یاہو کے مطابق امریکہ اور اسرائیل کی مشترکہ کارروائی نے ایران کے انقلابی گارڈز کو شدید نقصان پہنچایا ہے، جس سے وہ طویل عرصے تک سنبھل نہیں پائیں گے۔

دوسری جانب حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم نے کہا کہ اسرائیل لبنان میں اپنی موجودگی برقرار نہیں رکھ سکتا، لبنان جنگ بندی کی کسی بھی خلاف ورزی کا جواب دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نیتن یاہو نے ایران کے خلاف جارحیت کیلئے ٹرمپ کو آمادہ تو کرلیا لیکن اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوا،آج ایران اپنےسپریم لیڈر کی شہادت کے باوجود پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں