اسحاق ڈار 11

اسحاق ڈار کا ترک وزیر خارجہ سے رابطہ، علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان سے ٹیلی فون پر گفتگو کی، جس میں حالیہ علاقائی صورتحال اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کیلئے جاری کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزارت خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے میں ہونے والی تازہ پیشرفت پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور علاقائی امن و استحکام کیلئے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کی اہمیت پر اتفاق کیا۔

گفتگو کے دوران ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان نے اسحاق ڈار کو پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب اور مصر کے وزرائے خارجہ کے آئندہ علاقائی چار فریقی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی، اجلاس رواں ماہ کے اواخر میں ترکیہ کے شہر استنبول میں منعقد ہوگا۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے دعوت قبول کرتے ہوئے اجلاس میں شرکت کی تصدیق کر دی۔وزارت خارجہ کے مطابق چاروں ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں علاقائی صورتحال، امن و استحکام کے فروغ اور خطے میں تعاون بڑھانے کیلئے مشترکہ اقدامات پر بات چیت متوقع ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں