وزیر اعظم محمد شہبازشریف

9 مئی نے پاکستان کے محافظوں ، معماروں اور اسے کمزور کرنے والوں کے درمیان تقسیم کی لکیر کھینچ دی ہے،وزیراعظم

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ 9 مئی نے پاکستان کے محافظوں ،معماروں اور اسے کمزور کرنے والوں کے درمیان تقسیم کی لکیر کھینچ دی ہے۔جمعرات کو وزیراعظم نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ قوم نے اپنے ہیروز، غازیوں اور شہدا کو شاندار خراج عقیدت پیش کرنے اور ان کے خاندانوں کے ساتھ اپنی غیر متزلزل اظہار یکجہتی کیلئے یوم تکریم شہدا پاکستان انتہائی عقیدت کے ساتھ منا یا۔

وزیراعظم نے کہا کہ وہ 9 مئی کے المناک واقعات کو محض ایک احتجاج کے طور پر نہیں دیکھتا جو پرتشدد ہو گئے، ان لوگوں کیارادے جنہوں نے ان واقعات کی منصوبہ بندی کی تھی وہ دراصل بہت ہی خطرناک تھے اور یہ شرمناک واقعات کی ایک واضح شکل تھی اور پوری قوم نے دیکھا کہ کس طرح بعض لوگوں کی اقتدار کی ہوس نے انہیں وہ کام کرنے پر مجبور کیا جو پہلے کبھی نہیں ہوا۔ وزیراعظم نے کہا کہ شہدا کی یادگاروں کو نشانہ بنانے ، ان کی بے حرمتی کر کے اور ریاست کی علامتوں پر حملہ آور ہو کر شرپسندوں نے پاکستان کے نظریے اور تشخص پر حملے کئے اور ملک کے دشمنوں کو جشن منانے کی وجوہات فراہم کیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ قوم اپنے شہدائ کی عزت کی حفاظت کرنا جانتی ہے، 9 مئی کے المناک اور دل دہلا دینے والے واقعات باور کرا رہے ہیں کہ ہمیں ایسے تمام لوگوں کے لئے نشاندہی اور انہیں بے نقاب کرنا ہے جو پاکستان کی بنیادوں کو تباہ کرنا چاہتے ہیں، 9 مئی کے واقعات نے پاکستان کے محافظوں اور معماروں اور اسے کمزور کرنے والوں کے درمیان تقسیم کی لکیر کھینچ دی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج ہم اپنے شہدا کی عزت و تکریم کو برقرار رکھنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ پاکستان وجود عوام اور شہداکے درمیان روحانی رشتے سے جڑاہواہے، پاکستان کا قیام 20ویں صدی کا ایک معجزہ ہے اور اس کی عمارت شہداکے مقدس خون کی یقینی بنیادوں پر کھڑی ہے،ہم کبھی بھی ان کے احسان کابدلہ نہیں چکاسکیں گے۔