لاہور( رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ 5 اگست بھارت کے غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کے عوام کے درد، ثابت قدمی اور ناقابل تسخیر عزم کی یاد دلاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے یکطرفہ اقدامات نہ تاریخ کو بدل سکتے ہیں نہ کشمیری عوام کی آواز کو دبا سکتے ہیں اور نہ ہی ان کی حقِ خودارادیت کی جدوجہد کو ختم کر سکتے ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 5 اگست 2019 کا بھارتی اقدام بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں پر سنگین حملہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام مسلسل ظلم و جبر کے باوجود اپنے حقِ خودارادیت کے لیے ثابت قدم ہیں۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ جنوبی ایشیا ء میں پائیدار امن اور استحکام کا انحصار مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل پر ہے جو صرف کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ممکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گی جبکہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنائے۔بلاول بھٹو زرداری نے دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ یومِ استحصالِ کشمیر بھرپور عزم اور اپنے کشمیری بھائیوں سے مکمل یکجہتی کے ساتھ منائیں۔ کشمیری عوام کی قربانیاں اس وقت تک آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ بنی رہیں گی جب تک انہیں انصاف نہیں مل جاتا۔









