راجہ پرویز اشرف 8

5 جولائی 1977کا دن پاکستان کی جمہوری تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے’ پیپلز پارٹی

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب قیادت نے 5جولائی 1977 کی عوامی حکومت کا تختہ الٹنے کے خلاف 49ویں یوم سیاہ پر اپنے مشترکہ پیغام میں کہا ہے کہ اس دن ذوالفقار علی بھٹو کی منتخب حکومت کا تختہ الٹ کر جمہوری سفر روک دیا گیا۔

صدر پیپلز پارٹی وسطی پنجاب راجہ پرویز اشرف نے اپنے پیغام میں کہا کہ مارشل لا ء نے پارلیمنٹ، آئین اور جمہوری اداروں کو کمزورکیا،شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے 1988 میں جمہوریت کی بحالی کی نئی امید پیدا کی، انہوں نے واضح کیا کہ 2008 میں صدر آصف علی زرداری نے پارلیمان کے اختیارات رضاکارانہ طور پر واپس کیے اورآئین کو اس کی اصل روح کے مطابق بحال کرنا پیپلز پارٹی کا تاریخی کارنامہ ہے۔

راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی عزت عوام، قومی اداروں اور افواج پاکستان کی قربانیوں سے وابستہ ہے، بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی عوامی خدمت کا سفر جاری رکھے ہوئے ہے۔جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضی نے کہا کہ 5جولائی کے سیاہ دن ایک ڈکٹیٹر نے آپریشن فیئر پلے کے نام پر قائد عوام کی منتخب حکومت کو ختم کیا اور90روز میں الیکشن کرانے کا وعدہ 11برس تک ملکی سیاست، آئین اور اداروں پر مسلط رھا۔انہوں نے کہا کہ اسی سیاہ دور میں 8ویں ترمیم کےآرٹیکل 58 ٹو بی کے ذریعے قومی اسمبلی تحلیل کرنیکا اختیار صدر کو دیا گیا اور ملک میں کلاشنکوف اور ہیروئین کلچر کو پروان چڑھایا گیا جسے اس قوم نے بھگتا۔حسن مرتضی نے کہا کہ اسی سیاہ دور میں قائد عوام کا عدالتی قتل کرتے ہوئے انہیں تختہ دار پر چڑھایا گیا،آج کا دن ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ مضبوط، پائیدار اور ترقی یافتہ پاکستان کی بنیاد آئین کی بالادستی، جمہوری تسلسل، عوامی رائے کے احترام اور قانون کی حکمرانی میں ہے۔

سینئر نائب صدر رانا فاروق سعید نے کہا کہ5 جولائی پاکستان کی جمہوری تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے،ضیا ء دور کے فیصلوں کے اثرات پاکستان آج بھی بھگت رہا ہے،پاکستان پیپلز پارٹی ہر قسم کی دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اقتدار نہیں، مضبوط، پرامن اور مستحکم پاکستان چاہیے،شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی جدوجہد پاکستان اور جمہوریت کے لیے تھی۔رانا فاروق سعید نے مزید کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پاکستان کے مفاد پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرینگے،پاکستان پیپلز پارٹی عوام، آئین اور جمہوریت کے تحفظ کی جدوجہد جاری رکھے گی۔

سیکرٹری اطلاعات شہزاد سعید چیمہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ 5 جولائی کے مارشل لا نے عوام کے حقِ رائے دہی، آئین اور پارلیمان پر شب خون مارا اور شہید ذوالفقار علی بھٹو کی عوامی حکومت کا خاتمہ جمہوری سفر کو روکنے کی کوشش تھی۔انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان عوام اور ریاست کے درمیان مقدس عمرانی معاہدہ ہے،

پاکستان کو اندھیروں سے نکالنے کے لیے جمہوریت کا تسلسل ناگزیر ہے۔ شہزاد سعید چیمہ نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آئین، پارلیمان اور عوامی حقوق کی سیاست کر رہے ہیں، ہمیں ایسا پاکستان چاہیے جہاں آوازیں دبائی نہ جائیں اور آئین کی بالادستی قائم ہو کیونکہ جمہوریت ہی عوامی حقوق، آئینی بالادستی اور قومی استحکام کی ضمانت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں