محمد جاوید قصوری 17

3ستمبر کو ملک گیر کامیاب ہڑتال، ہر مارکیٹ،بازاربند ہوگا ‘ جماعت اسلامی

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا کہ مہنگائی اور ٹیکسوں کے مسلسل بوجھ نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، عوام پہلے ہی معاشی مشکلات کا شکار ہیں، ایسے میں بجلی، پٹرول، اشیائے ضروریہ اور دیگر بنیادی ضروریات کی قیمتوں میں اضافہ عوام کے لیے ناقابل برداشت ہو چکا ہے،

اپنے جائز مطالبات کے حصول تک پرامن احتجاج کا سلسلہ جاری رکھیں گے، امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کی اپیل پر تین ستمبر کو ملک گیر ہڑتال ہوگی،اس روز ہر مارکیٹ، ہر دکان اور ہر بزنس سینٹر بند ہوگا، جبکہ عوام سے اپنے حقوق کے لیے سڑکوں پر نکلنے کی اپیل کی گئی ہے، ملک گیر احتجاج کا مقصد حکومت کو عوامی مطالبات تسلیم کرنے پر مجبور کرنا اور مہنگائی، ظالمانہ ٹیکسوں اور پٹرولیم قیمتوں میں اضافے کے خلاف آواز بلند کرنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں صوبائی اسمبلی کے باہر ہونے والے جماعت اسلامی کے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لاہور میں جماعت اسلامی کی جانب سے عوامی مسائل، مہنگائی، ظالمانہ ٹیکسوں اور حکومتی معاشی پالیسیوں کے خلاف جاری دھرنا چودھویں روز بھی جاری رہا۔ دھرنے میں عوام اور جماعت اسلامی کے کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جبکہ نوجوانوں کی شرکت بھی نمایاں رہی۔

شرکاء نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور اپنے مطالبات کے حق میں بینرز، کتبے اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے امیر صوبہ نے کہا کہ حکومت کی معاشی پالیسیوں، بڑھتی ہوئی مہنگائی، عوام پر عائد کیے جانے والے ظالمانہ ٹیکسوں، پٹرولیم لیوی اور بدعنوانی کے نظام نے جہاں ایک طرف لوگوں کے لئے مشکلات میں اضافہ کیا ہے ، عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے ،وہاں دوسری جانب رہی سہی کسر غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے پوری کر دی ہے ۔ دھرنے کے شرکاء سے خطاب میں انہوں نے مزید کہا کہ عوام اپنے بنیادی حقوق کے حصول کے لیے پرامن جدوجہد جاری رکھیں گے اور حکومت کو عوامی مطالبات تسلیم کرنے پر مجبور کیا جائے گا۔

موجودہ حکومت ناکام ہو چکی ہے اور عوام پر مسلسل ظلم و ستم کا بازار گرم ہے۔ حکومتی پالیسیوں کے باعث عام شہری کی مشکلات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ حکمران عوام کو ریلیف دینے کے بجائے ان پر مزید معاشی بوجھ ڈال رہے ہیں۔محمد جاویدقصوری نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت جب قیمتوں میں اضافہ کرتی ہے تو چار، پانچ یا دس روپے تک اضافہ کر دیا جاتا ہے، لیکن جب کمی کی جاتی ہے تو چند پیسوں تک محدود کر دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قیمتوں میں اضافے اور کمی کا یہ غیر منصفانہ طریقہ عوام کے ساتھ ناانصافی ہے۔ یہ ظالمانہ نظام اب زیادہ دیر نہیں چل سکتا۔ عوام کو مہنگائی، بے روزگاری اور بھاری ٹیکسوں سے نجات دلانا چاہتے ہیں۔

جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور مطالبات کی منظوری تک احتجاجی تحریک کو مزید منظم اور وسیع کیا جائے گا۔دھرنے کے شرکاء سے دیگر قائدین نے بھی خطابات کئے،جبکہ اس موقع پر صوبائی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر بابر رشید، امیر حلقہ لاہورضیا الدین انصاری،ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد، نصر اللہ گورائیہ، اظہر بلال، خالدبٹ، احمد سلمان بلوچ، جبران بٹ، عمران الحق اور دیگر بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں