لاہور( رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو 9 مئی کے معاملے پر بھی بہت زیادہ اعتماد تھا اوراتنا اعتماد تھا کہ بڑی غلطی کر بیٹھے، 27 ستمبر کے لانگ مارچ کے بعد پی ٹی آئی 2 سال پیچھے چلی جائے گی،پی ٹی آئی والے ہمیشہ ضرورت سے زیادہ پراعتماد ہوتے ہیں، ایسے اعتماد کو حماقت بھی کہا جاتا ہے اور اس کے بعد یہ اپنا نقصان کروا بیٹھتے ہیں۔
ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے بھڑک تو مار دیتے ہیں مگر بعد میں ہوتا کچھ نہیں ہے، سیاست میں بعض اوقات چوکے چھکے نقصان بھی دیتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ انتظامی یونٹس اور نئے صوبے دونوں الگ الگ چیزیں ہیں،صوبوں سے متعلق بل آخر پارلیمنٹ میں ہی آنا ہے۔پارٹی میں صوبوں سے متعلق بحث ہوگی تو اکثریت سے موقف اپنایا جائے گا،
صوبوں کا بل پارلیمنٹ میں آنے سے پہلے کابینہ میں آنا ہے، اور حکومتی موقف کابینہ سے ہی آئے گا۔انہوں نے کہاکہ سندھ میں 2 دن تک صوبوں کے معاملے پر بحث ہوئی،پیپلز پارٹی نے کہا کہ سندھ کو تقسیم نہیں ہونے دیں گے تاہم پیپلز پارٹی نے یہ نہیں بتایا کہ کون سندھ کو تقسیم کرنا چاہتا ہے۔








