اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے یوم پاکستان کے دن کے موقع پر کہا کہ آج کا دن ہمارے قومی تاریخ میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے،23 مارچ 1940 وہ دن ہے جب برصغیر کے مسلمانوں نے ایک علیحدہ خودمختار ریاست کے قیام کے لیے اپنے عزم کا اعلان کیا.
قراردادِ پاکستان صرف ایک مطالبہ نہیں بلکہ ایک خواب کی تعبیر کا پہلا قدم تھا، جو بعد میں قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں 14 اگست 1947 کو حقیقت میں بدلا،یہ دن ہمیں ہمارے بزرگوں کی بے مثال قربانیوں، جدوجہد اور اتحاد کی یاد دلاتا ہے، جنہوں نے اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر ہمیں ایک آزاد اور خودمختار ریاست کا تحفہ دیا، آج ہمیں نہ صرف ان قربانیوں کو یاد رکھنا ہے بلکہ اپنے ملک کو ترقی، خوشحالی اور استحکام کی راہ پر گامزن رکھنے کے لیے بھی اپنا کردار ادا کرنا ہے۔
اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ پاکستان کو درپیش چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے ہمیں قومی یکجہتی، بھائی چارے اور رواداری کے جذبے کو فروغ دینا ہوگا۔ ہمیں اپنے اداروں کو مضبوط کرنا ہوگا، قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانا ہوگا اور تعلیم و تحقیق کے میدان میں آگے بڑھ کر ملک کو ایک جدید اور خوشحال ریاست بنانا ہوگا۔
میں بطور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ، پوری قوم کو یومِ پاکستان کی دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں اور دعا گو ہوں کہ اللہ تعالیٰ ہمارے وطن کو ہمیشہ سلامت رکھے، اسے ترقی و خوشحالی عطا فرمائے اور ہمیں اس کے استحکام کے لیے مزید محنت کرنے کی توفیق دے۔









