پرویز حنیف

ہنرسکھانے والے والے اداروںکی ستائش کی بجائے مسائل پیدا کرنے کارجحان قابل تشویش ہے ‘ پرویز حنیف

اسلام آباد/لاہور( رپورٹنگ آن لائن) کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن پرویز حنیف نے کہاہے کہ حکومتی اداروں کی جانب سے ہنرسکھانے والے والے اداروںکی ستائش کی بجائے مسائل پیدا کرنے کارجحان قابل تشویش ہے ، ہرطرح کامطلوبہ ریکارڈ بھجوائے جانے کے باوجود ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان کی جانب سے مختلف افسران باربار خطوط ارسال کررہے ہیں ،کچھ عرصے سے ہاتھ سے بنے قالینوں کا کاروبارتنزلی کا شکارہے لیکن اس کے باوجود ہم اسے دوبارہ عروج دینے اور ٹریننگ دینے کیلئے نئے کورسز کے اجراء کیلئے کوشاں ہیں۔وزیراعظم عمران خان ،مشیرتجارت اورسیکرٹری تجار ت کے نام لکھے گئے کھلے خط میں پرویز حنیف نے کہا کہ ٹڈیپ کی جانب سے جس بھی طرح کے ریکارڈ کا تقاضہ کیا گیا ہے وہ انہیں مہیا کیا گیا ہے.

جبکہ افسران از خود دورہ بھی کر چکے ہیں اس کے باوجود ایک ہی ادارے کے مختلف افسران خطوط ارسال کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں لگ بھگ 50انسٹی ٹیوٹس تھے جن میں سے کئی بند ہوگئے ہیں اور چندایک ایسے ہیں جو مشکلات کے باوجود اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہیں ، بجائے اس کے حکومت ان اداروں کی ستائش کرے جائے بلکہ ان کی راہ میں بھی مشکلات اور مسائل پیدا کئے جارہے ہیں۔ ہم ہر طرح سے تعاون کرنے کیلئے تیار ہیں لیکن بلاجواز مسائل پیدا کرنے سے اجتناب کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کو عروج دینے کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں اوراس صنعت کی معاونت اورسرپرستی کی جائے ۔