اسحق ڈار 74

پاکستان خواتین اور بچیوں کے حقوق اور بااختیار بنانے کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے، اسحاق ڈار

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ہم ان خواتین کے حوصلے، ثابت قدمی اور قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جن کے عزم اور جدوجہد نے معاشروں میں مثبت تبدیلی پیدا کی ہے، کمیونٹیز کو مضبوط بنایا ہے اور آنے والی نسلوں کے لیے امید اور حوصلے کا پیغام دیا ہے۔

اتوار کو وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق عالمی یومِ خواتین کے موقع پر اپنے پیغام میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ خواتین کی آوازیں، صلاحیتیں اور امنگیں جامع ترقی، مؤثر طرزِ حکمرانی اور پائیدار امن کے لیے نہایت اہم محرک ہیں۔ پاکستان خواتین اور بچیوں کے حقوق اور بااختیار بنانے کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا آئین مساوات اور ہر قسم کے امتیاز کے خلاف تحفظ کی ضمانت دیتا ہے۔ خواتین کے خلاف ہر قسم کے امتیاز کے خاتمے کے کنونشن (CEDAW) کے رکن ملک کی حیثیت سے پاکستان ایسی قانون سازی، پالیسی اور ادارہ جاتی اصلاحات کو آگے بڑھا رہا ہے جو خواتین کی شرکت اور قیادت کو مزید مضبوط بنائیں۔ پاکستان کو اس بات پر بھی فخر ہے کہ وہ اس سال اسلامی تعاون تنظیم (OIC) کی خواتین سے متعلق 9ویں وزارتی کانفرنس کی میزبانی کر رہا ہے، جو اسلامی دنیا اور اس سے آگے خواتین کے حقوق کے فروغ کے لیے ہمارے عزم کا مظہر ہے۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محند اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے صنفی حساس قانون سازی، نگرانی اور احتساب کو فروغ دینے کے لیے ایک جامع فریم ورک تشکیل دیا ہے۔ خواتین سیاسی اداروں، انتظامیہ، عدلیہ، سول سروس، مسلح افواج، غیر سرکاری تنظیموں اور سرکاری و نجی کارپوریٹ شعبوں میں قیادت کے کردار تیزی سے سنبھال رہی ہیں۔

وہ سفارت کاری اور بین الاقوامی تنظیموں میں بھی پاکستان کی نمایندگی نمایاں انداز میں کر رہی ہیں۔ ان کوششوں کو مضبوط قانونی تحفظ، سماجی تحفظ کے پروگراموں، مالی شمولیت کے اقدامات اور خواتین کاروباری افراد کے لیے مختلف منصوبوں کی حمایت حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم خواتین اور بچیوں کے حقوق کے لیے اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے، بالخصوص اپنی کشمیری بہنوں کے لیے جو بھارتی غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں دہائیوں سے جاری قبضے اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سامنا کر رہی ہیں۔ ہم فلسطین کی ماؤں اور بیٹیوں کے ساتھ بھی یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، جو قابض قوت کی مسلسل جارحیت کے نتیجے میں ناقابلِ بیان تشدد اور محرومی کا سامنا کر رہی ہیں۔ ان خواتین اور بچیوں کی جدوجہد ہمیں یاد دلاتی ہے کہ خواتین کے حقوق کو تنہائی میں محفوظ نہیں بنایا جا سکتا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں