بیرسٹر دانیال چوہدری 38

ہم دہشتگردی کا مقابلہ ان نوجوان ذہنوں میں پروان چڑھنے والے علم اور سائنس سے کریں گے،بیرسٹر دانیال چودھری

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چودھری نے کہاہے کہ ہم دہشتگردی کا مقابلہ ان نوجوان ذہنوں میں پروان چڑھنے والے علم اور سائنس سے کریں گے۔

وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چودھری نے اسلام آباد اسپورٹس کمپلیکس میں منعقدہ سالانہ اسپورٹس ڈے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس عظیم اسپورٹس ایونٹ میں بے شمار طلبہ و طالبات نے حصہ لیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر دانیال چودھری نے نوجوان نسل کے روشن مستقبل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آج کا یہ نوجوان پاکستان کا سب سے بڑا سرمایہ ہے،یہ نئی نسل نہ صرف ملک کا روشن مستقبل ہے بلکہ دہشت گردی کے خلاف ہماری سب سے بڑی طاقت بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ویسٹ منسٹر ایجوکیشن سسٹم نے نئی نسل میں سرمایہ کاری کے عزم کا اعادہ کیا ہے، کیونکہ ہمیں یقین ہے کہ دہشت گردی کا اصل علاج تعلیم اور سائنس کی روشنی میں پنہاں ہے،یہ نوجوان ذہن ہی وہ طاقتور ہتھیار ہیں جو دہشت گردی کی تاریکی کو ہمیشہ کے لیے ختم کر دیں گے۔پارلیمانی سیکرٹری نے ویسٹ منسٹر سکول کے بین الاقوامی سطح پر کامیابیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے بچوں نے عالمی سطح پر پاکستان کا پرچم بلند کیا ہے، یہی ہمارا اصل پاکستان ہے جسے ہم پوری دنیا کے سامنے پیش کر رہے ہیں۔تقریب کے دوران طلبہ و طالبات نے حیرت انگیز جمناسٹکس، دیدہ زیب کراٹے اور مختلف دوڑوں کے شاندار مظاہرے پیش کرکے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔

ان کے شاندار مظاہروں نے ثابت کر دیا کہ پاکستانی بچے کسی بھی بین الاقوامی معیار کے کھلاڑیوں سے کم نہیں۔بیرسٹر دانیال چودھری نے عہد کیا کہ ہم ان نوجوان ہیروں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کریں گے۔ یہ نسل ملک کو ترقی کی نئی بلندیوں پر لے جائے گی۔انہوں نے افواج پاکستان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب مل کر دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں