لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے مال روڈ پر کشمیر بنے گا پاکستان ریلی نکالی گئی ۔سابق وزیر اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے آج تاریخ رقم کر دی ہے ،
پورا پاکستان انشا اللہ پیپلز پارٹی کا میدان بنے گا، لاہور کے عظیم کارکنوں نے مال روڈ پر ثابت کر دیا ہے کہ پیپلز پارٹی پوری آن بان شان کے ساتھ زندہ ہے۔شاندار ریلی پرفیصل میر ،ڈاکٹر عائشہ اور مجید غوری کی پوری ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ ہم ملک سے دہشتگردی ختم کرانا اور یہاں سکون،امن اور خوشحالی دیکھنا چاہتے ہیں،پاکستان ہمسائیوں سے امن چاہتا ہے مگر جارحیت کرنے والوں کو نیست نابود کر دیں گے ۔
ریلی سے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضی،شہزاد سعید چیمہ ،فیصل میر،ڈاکٹر عائشہ شوکت اور ذیشان اکبر نے بھی خطاب کیا ۔ریلی میں رانا جمیل منج،بیگم ناصرہ شوکت،سبط حسن،شاہدہ جبیں،ذیشان شامی،آغا تقی،عارف خان،عدنان گورسی،منظر عباس کھوکھر،فیاض بھٹی،بابا نامہ،چودھری ریاض،عمران ڈوگر،عامر نصیر بٹ،شاہد عباس ایڈوکیٹ،رانا صفدر دلشار،ندیم ملک سمیت بڑی تعداد میں کارکنوں نے شرکت کی ۔راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ بھٹو نے کہا تھا کہ گھاس کھا لیں گے مگر ایٹمی پروگرام بنائیں گے ،
ایٹمی صلاحیت ہونے کی وجہ سے آج پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے ۔پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضی نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری جنگ کسی حکمران کے خلاف نہیں،دہشتگردی،بیروز گاری کیخلاف ہے۔پیپلز پارٹی لاہور کے صدر فیصل میر نے کہا کہ اس وقت ہمارے جلوس کا ایک سرا چیئرنگ کراس پر اور دوسرا ناصر باغ سے بھی پیچھے ہے، یہ عوامی سمندر تاریخ میں مثال نہیں رکھتا۔پیپلز پارٹی لاہور نے آج کشمیر کے حق میں اور نریندر مودی کے خلاف ایسی عوامی قوت دکھائی ہے جو پاکستان کی سیاسی تاریخ میں پہلے کبھی نظر نہیں آئی۔
کئی کلومیٹر طویل جلوس شہید بھٹو، شہید بی بی، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر آصف علی زرداری کی کشمیر جدوجہد کا عوامی اظہار ہے۔پیپلز پارٹی لاہور نے مسئلہ کشمیر پر بھارت کے خلاف جدوجہد کو آج ایک نئی عوامی انتہا تک پہنچا دیا ہے اورپیپلز پارٹی آج پاکستان کی بہادر افواج کی کشمیر کے لیے لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ لاہور کی سڑکوں پر امڈ آنے والی یہ عوامی طاقت فیلڈ مارشل عاصم منیر اور پاک فوج کی جرات و بہادری کو سلام ہے،ہمیں یقین ہے اگر بھارت پرامن طریقے سے کشمیر آزاد نہیں کرتا تو پاک فوج فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں کشمیر آزاد کروائے گی۔
فیصل میر نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے آج لاہور میں مسئلہ کشمیر کو پھر سے زندہ کر دیا ہے،پیپلز پارٹی لاہور اور پنجاب واپس لینے آ چکی ہے، وزیر اعلی پنجاب اور وزیر اعظم آئندہ پیپلز پارٹی کا ہو گا۔فیصل میر نے کہا کہ پیپلز پارٹی لاہور کا مطالبہ کرتی ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے امن بورڈ میں مسئلہ کشمیر کو شامل کیا جائے کیونکہ بھارت کشمیر میں وہی مظالم کر رہا ہے جو غزہ میں کیے گئے ۔پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات شہزاد سعید چیمہ نے کہا کہ تخت لاہور آج کانپ رہا ہے،لاہور کے جیالوں اور جیالیوں نے ایک ملین مارچ کر دکھایا ہے،کشمیر ہو یا غزہ،معیشت ہو یا دہشتگردی تمام مسائل بلاول حل کریں گے ۔









