بیرسٹر گوہر 13

ہماری پارلیمانی کمیٹی فیصلہ کرے گی بجٹ کو کیسے ڈیل کرنا ہے، بیرسٹر گوہر

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ ہماری پارلیمانی کمیٹی فیصلہ کرے گی بجٹ کو کیسے ڈیل کرنا ہے۔وفاقی دارالحکومت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ میں نے سنا ہے بجٹ اجلاس 12 جون کو ہوگا سمری بھیجی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم بجٹ اجلاس میں شامل ہوں نہ ہوں، یہ وقت عوام کو ریلیف دینے کا ہے، ہماری پارلیمانی کمیٹی فیصلہ کرے گی بجٹ کو کیسے ڈیل کرنا ہے، بجٹ آئینی اور قانونی معاملہ ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ لوگ یوٹیلیٹی بلز اور پٹرول کے پیسے ادا نہیں کر پا رہے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی پچھلی مرتبہ بھی بانی سے ملاقات نہیں کرائی گئی۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سہیل آفریدی بجٹ پر کوئی نہ کوئی فیصلہ کریں گے، ہماری کوشش ہے بجٹ سے قبل وزیراعلیٰ کے پی کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوجائے، سہیل آفریدی اکتوبر میں وزیراعلیٰ بنے آج تک ایک ملاقات نہیں کرائی گئی۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہماری ملاقاتیں 34 ہفتوں سے بند ہیں، کیا تاریخ میں کسی قیدی کو 34 ہفتے ملاقاتوں سے محروم رکھا گیا ہو گا، انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بانی کی ملاقاتیں بحال ہونی چاہئیں، ملاقاتوں پر پابندیوں نے نفرت کو جنم دیا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم سے بھی غلطیاں ہوئی ہوں گی لیکن یہ کہا جائے آپ غدار ہیں یہ ناقابل برداشت ہے،6 ماہ سے ہمیں نہیں معلوم بانی کن حالات میں ہیں، چھوڑیں اس بات کو بانی سابق وزیراعظم ہیں، ایک مقبول لیڈر ہیں آئین اور قانون کے مطابق ملاقات ان کا حق ہے۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ایک بات کلیئر کررہا ہوں پی ٹی آئی میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں، ووٹ جمہوریت کی بنیادی اکائی ہے،گلگت بلتستان میں ہمارے 22 امیدوار میدان میں تھے، پوری جمع تفریق کے بعد ہم 15 نشستوں پر جیتے ہیں، ہمیں دو نشستیں دے کر ہماری 13 نشستوں کو کسی اور کو دیں گے تو ہم اسکو نہیں مانتے۔

اُنہوں نے کہا کہ عوام نے جس کو مینڈیٹ دیا ہے حق حکمرانی اسی کے پاس ہونا چاہیے، پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے خلاف ہمارا بیانیہ واضع ہے جنہوں نے وفاق میں ہمارا مینڈیٹ چوری کیا گلگت میں اُن کے ساتھ کیوں حکومت بنائیں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہماری پارٹی پاور شیئرنگ پر یقین نہیں رکھتی، گلگت میں 17 نشستوں کے نتائج میں ہم 8 نشستوں پر جیتے ہیں، 24 نشستوں پر ہماری برتری واضع ہے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ کشمیر پر ہمارا واضع موقف ہے مسائل کو افہام و تفہیم سے حل کیا جائے، پرامن مظاہرین پر گولی چلانا غلط ہے، پی ٹی آئی آزاد کشمیر نے اسمبلی میں اپنا موقف دیا ہے 12 مہاجرین نشستوں کا مسئلہ آئینی مسلہ ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہم پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے موقف کی تائید کرتے ہیں، لوگ فوج کا نام استعمال نہ کریں اور فوج کے بل بوتے پر سیاست نہ کریں، ہم نے افواج کی قربانیوں اور کردار کو ہمیشہ سراہا ہے، ہم پرامن احتجاج کے حامی ہیں، عوام کا حق ہے اپنے حقوق کیلئے احتجاج کریں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم تشدد کے خلاف ہیں قانون کو اپنے ہاتھوں میں لینے کے خلاف ہیں، اڈیالہ جیل میں کسی خاص شخصیت کی ملاقات جھوٹی خبر ہے، سہیل آفریدی نے پارلیمنٹ کے باہر دھرنے کی کال صوبائی حقوق کیلئے دی ہے، وزیراعلیٰ کی کال کی ہم حمایت کرتے ہیں۔

بیرسٹر گوہر کا مزید کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کو این ایف سی کے مطابق اُس کا شیئر ملنا چاہیے، اِس کے علاوہ پی ٹی آئی میں کوئی بھی مسئلہ ہو آپ سافٹ ٹارگیٹ بن جاتے ہیں اِس کی کیا وجہ ہے، صحافی کے سوال پر بیرسٹر گوہر کچھ دیر خاموش رہے پھر ہنس پڑے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں