لاہور( رپورٹنگ آن لائن)نامور اداکارہ درفشاں سلیم نے حج کی ادائیگی کے بعد طویل پوسٹ شیئر کردی۔فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکارہ درفشاں سلیم نے حج کی ادائیگی کے بعد چند تصاویر اور پیغام بھی شیئر کیا ہے۔اداکارہ نے کیپشن میں لکھا کہ یہ صبر، شکر اور بے پناہ توکل کی کہانی ہے۔انہوں نے کہا کہ بہت خوشی ہے کہ میں نے یہ سفر اپنے ماما اوربابا کے ساتھ طے کیا جنہوں نے ماشا اللہ مجھ سے زیادہ ہمت دکھائی جبکہ میں رمی کے پہلے ہی دن بیمار ہوگئی تھی۔
درفشاں سلیم نے لکھا کہ کچھ بہت ہی پیاری لڑکیوں سے ملاقات ہوئی، ہم نے مل کر دعائیں مانگیں، روئے، ہنسے اور کیمپ میں کھانا کھایا، تقوی کے خوبصورت قصے سنے اور دین کو الفاظ کے بجائے عملی طور پر زیادہ سیکھا ہے۔اداکارہ نے کہا کہ میں نہیں جانتی کہ اپنے ساتھ کیا لے کر جا رہی ہوں کیونکہ بہت کچھ ایسا ہے جسے ابھی الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں، لیکن مجھے یہ ضرور معلوم ہے کہ میں پیچھے کیا چھوڑ کر جا رہی ہوں، ان چیزوں اور جذبوں کا بوجھ جو میں ایک عرصے سے اٹھائے ہوئے تھی۔
انہوں نے لکھا کہ ہر مادی جذبے سے لاتعلقی اور خود کو اللہ کے سپرد کر دینا ہی وہ چیز ہے جو مجھے حج نے سکھائی، اور شاید یہی وہ ایک بات ہے جو میں خود کو بار بار یاد دلاتی رہوں گی۔درفشاں سلیم نے کہا کہ جسم درد سے چور ہے لیکن دل پہلے سے کہیں زیادہ مطمئن اور بھرا ہوا ہے۔اداکارہ نے مزید کہا کہ حج مبارک، اللہ پاک ہم سب کو اس فرض کو ادا کرنے کی سعادت نصیب فرمائے اور جب ہم یہ کریں تو یہ ہمیں ظاہر سے زیادہ ہمارے باطن سے تبدیل کر دے۔









