راجہ پرویز اشرف 11

گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی کی شاندار کامیابی، عوام نے ترقی ،جمہوریت کے ایجنڈے پر اعتماد کا اظہار کیا’ راجہ پرویز اشرف

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف،جنرل سیکرٹری حسن مرتضی،سینئر نائب صدر رانا فاروق سعید اور سیکرٹری اطلاعات شہزاد سعید چیمہ نے گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں پیپلز پارٹی کی شاندار جیت پر گلگت بلتستان کے عوام ،چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری کو مبارکباد دی ہے۔

سابق وزیرخم اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ یہ شاندار کامیابی چیئرمین بلاول بھٹو اور خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری کی محنت کا ثمر ہے، یہ فتح صرف پارٹی کی نہیں بلکہ جی بی میں ترقی، امن اور خوشحالی کا خواب دیکھنے والے ہر ووٹر کی ہے۔ انہوں نے زور دیکر کہا کہ یہ کامیابی ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتی ہے جنہوں نے ووٹ کے ذریعے امید کا پرچم بلند کیا،گلگت بلتستان کو ایک نئے، روشن اور ترقی یافتہ خطے میں تبدیل کرنے کا سفر شروع ہو چکا ہے۔جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضیٰ نے کہا کہ پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے عوامی مینڈیٹ کا جواب حق حاکمیت سے دے گی،اب گلگت بلتستان میں تعمیر و ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی اپنے وعدے کے مطابق یہاں کے عوام کو حق ملکیت لیکر دیں گے،خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری کی محنت کے باعث خواتین کی اکثریت نے ہمیں ووٹ دیا۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی طرح جولائی میں آزاد کشمیر کا معرکہ بھی جیتیں گے۔ سیکرٹری اطلاعات شہزاد سعید چیمہ نے کہا کہ گلگت بلتستان میں شاندار کامیابی کا سہرہ چیئرمین بلاول بھٹو اور خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری کو جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے نفرت اور تقسیم کی سیاست کو مسترد کرکے تعمیر و ترقی، جمہوریت اور خدمت کے ایجنڈے کو ووٹ دیا اور یہ جیت بھٹو اور بی بی شہید سے چیئرمین بلاول بھٹو تک سفر کا تسلسل ہے۔انشا اللہ پیپلز پارٹی کا جیالہ وزیراعلی گلگت بلتستان میں عوامی راج لائے گا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں