اویس قادر شاہ 11

گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی کی شاندار کامیابی، عوام نے اعتماد کا اظہار کیا، اویس قادر شاہ

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ نے گلگت بلتستان میں پاکستان پیپلز پارٹی کی شاندار کامیابی پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، پارٹی کی مرکزی قیادت، امیدواروں اور کارکنان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام نے ایک بار پھر پاکستان پیپلز پارٹی پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

اپنے جاری کردہ بیان میں اویس قادر شاہ نے کہا کہ یہ کامیابی شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے عوامی فلسفے، جمہوری جدوجہد اور عوامی خدمت کے نظریے کی فتح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ عوام کے حقوق، ترقی اور خوشحالی کے لیے عملی کردار ادا کرتی رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ عوام نے ایک مرتبہ پھر پارٹی پر اعتماد کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی متحرک اور عوام دوست قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی ملک بھر میں عوامی خدمت اور ترقی کا سفر جاری رکھے ہوئے ہے۔

گلگت بلتستان کے عوام نے اپنے ووٹ کی طاقت سے ثابت کر دیا ہے کہ وہ جمہوری اقدار اور ترقی پسند سیاست پر یقین رکھتے ہیں۔اسپیکر سندھ اسمبلی کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی کی کامیابی جمہوریت، ترقی اور عوامی خدمت کے ایک نئے باب کا آغاز ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ منتخب نمائندے عوام کی توقعات پر پورا اترتے ہوئے علاقے کی تعمیر و ترقی، خوشحالی اور بنیادی مسائل کے حل کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔اویس قادر شاہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی خدمت کے اپنے عزم پر قائم رہے گی اور ملک کے ہر خطے میں عوامی فلاح و بہبود کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں