اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)سیکرٹری جنرل پاکستان پیپلز پارٹی نیئر حسین بخاری نے کہاہے کہ گلگت بلتستان میں انتخابی نتائج کے بعد پیپلز پارٹی سادہ اکثریت سے حکومت بنا سکتی تھی،الیکشن کمیشن کے کچھ فیصلوں کے باعث ہمیں مخصوص نشستیں کم ملیں،وزیراعظم شہباز شریف نے جمہوری سوچ کے ساتھ بلاول بھٹو کو حکومت بنانے کی پیشکش کی۔
اپنے بیان میں نیئر حسین بخاری نے کہاکہ گورنر شپ، ڈپٹی اسپیکر اور اپوزئشن لیڈر ن لیگ کو دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوںنے کہاکہ آئی پی پی نے اسپیکر کے عہدے کی خواہش کی مگر ہمارا معاہدہ (ن )لیگ سے ہوچکا تھا،مسلم لیگ نواز نے فیصلہ کیا ہے وہ اپوزیشن بنچوں پر بیٹھے گی۔نیئر حسین بخاری نے کہاکہ ہم گلگت بلتستان کی عوام کی خدمت کریں گے،پیپلز پارٹی کی لیڈرشپ نے گلگت بلتستان کو جو حقوق دلائے اس پر عوام سے پذیرائی ملی۔انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی سمجھتی ہے کہ گلگت بلتستان کو قومی اسمبلی میں نمائندگی دینے میں کوئی حرج نہیں۔
انہوںنے کہاکہ بلاول بھٹو زرداری نے اسمبلی فلور پر کشمیر اور گلگت بلتستان کے نمائندوں کو قومی اسمبلی اور سینٹ میں عبوری نمائندگی کی تجویز دی ہے، دیگر سیاسی جماعتوں سے بھی بات کریں گے کہ گلگت بلتستان کو آئینی حقوق دیے جائیں۔ نیئر حسین بخاری نے کہاکہ گلگت بلتستان کے سپوت لالک جان نے اس ملک کے لئے جان دی،کشمیریوں کے دل پاکستان کیساتھ دھڑکتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ بانی چیئرمین قائد عوام زوالفقار علی بھٹو شہید نے پیپلز پارٹی کی،بنیاد ہی مسئلہ کشمیر پر رکھی ۔
انہوںنے کہاکہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو اقوام متحدہ اور عالمی فورمز پر مسئلہ کشمیر اجاگر کرتے رہے ۔انہوںنے کہاکہ بلاول بھٹو کشمیریوں پر بھارتی افواج اور نریندر مودی مظالم کے خلاف موثر آواز ہیں،کشمیر کے عوام پیپلز پارٹی کی تاریخی خدمات پر ووٹ کے زریعے بھرپور اعتماد کا اظہار کرینگے ۔








