سردار سلیم حیدر خان 14

گلگت بلتستان الیکشن کے بعد پنجاب میں بھی پیپلز پارٹی اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کریگی’گورنر پنجاب

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری ملک کے مقبول ترین نوجوان لیڈر ہیں، گلگت بلتستان الیکشن میں کامیابی عوام کا پیپلز پارٹی پربھرپور اعتمادکا اظہار ہے، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عام آدمی کے حقوق کے لئے آوازبلند کی ہے، ملک میں جمہوریت کے فروغ اور تسلسل میں وکلا برادری کا کردار اہم ہے۔

ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نذیر ملک کی قیادت میں اسلام آباد میں وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک بھر میں ہر گزرتے دن کے ساتھ عوام میں مقبول اور مضبوط ہورہی ہے۔گلگت بلتستان الیکشن کے بعد پنجاب میں بھی پیپلز پارٹی اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرے گی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے حالیہ الیکشن میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔

بلاول بھٹو نے ثابت کردیا کہ وہ ملک کے مقبول نوجوان لیڈر ہیں۔گورنر پنجاب نے آصفہ بھٹو زرداری کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پارٹی کا پیغام موثر طریقے سے عوام تک پہنچایا۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنے دور حکومت میں ہمیشہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں خاطر خواہ اضافہ کیا اور عوام پر بے جا ٹیکسز کا بوجھ نہیں ڈالا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ یہ بڑی خوش آئند بات ہے کہ مختلف جماعتوں کے لیڈرز، عہدیداران اورکارکن پیپلز پارٹی میں شامل ہورہے ہیں۔

پیپلز پارٹی گلگت بلتستان میں بھی جیالا وزیر اعلیٰ لائے گی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ بھارت کشمیر کے موجودہ مسئلے پر فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہا ہے۔موجودہ حکومت کو چاہیے کہ وہ کشمیر کے مسلے کا حل بات چیت سے نکالے۔گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی ملک میں جمہوریت کے استحکام اور قانون کی بالا دستی پر یقین رکھتی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ وکلا برادری ہمیشہ ہر مشکل وقت میں پیپلزپارٹی کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔ جمہوریت کے فروغ اور تسلسل میں وکلا برادری کا کردار اہم ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں