چینی 6

کیا چین سے چوری ختم ہو گئی ہے؟

بیجنگ (رپورٹنگ آن لائن) نومبر کے اوائل میں اٹلی کے شہر میلان میں، چینی موٹر سائیکل برانڈ “ژانگ شوئے موٹر سائیکل” کی نمائشی گاڑیاں “بالکل صاف” کر دی گئیں۔انجن آئل کھولنے والا ڈھکن، ریڈی ایٹر کا ڈھکن، فیول ٹینک کا ڈھکن، فیول ٹینک کا تالا، آئینے، جو کچھ بھی کھولا جا سکتا تھا سب چوری ہو گیا۔ دو ماہ قبل، اسی ٹیم کی ایک بس اٹلی میں چوری ہوئی، جس میں 6 افراد کے بیگ خالی کر دیے گئے، اور پولیس کو رپورٹ کرنے کے باوجود اب تک کوئی جواب نہیں ملا۔

” اٹلی میں چوری نہ ہو تو اٹلی کیسا، فرانس میں کوئی لوٹے نہ تو فرانس کیسا، چوری بھی اور لٹ بھی جائیں تو انگلستان، اور ڈھیر و ڈھیر گولیاں ہوں تو امریکہ”، سوشل میڈیا پر وائرل یہ مذاقیہ بات بے شک چین کی مرکزی عوامی رائے سے میل نہیں کھاتی، لیکن ژانگ شوئے کی چوری کے واقعے سے یہ مذاق دوبارہ مقبول ہونے لگا ہے یہ واقعی ہے۔ یقیناً یہ ایک طرف سے یہ بھی ظاہر کرتا ہے کہ چینی صارفین اپنے ملک کے امن و امان کی صورتحال سے کتنے مطمئن ہیں۔

اٹلی کے عوامی سطح پر دستیاب جرائم کے اعداد و شمار کے مطابق، چوری کے کیسز میں گرفتاری کی شرح 5 فیصد سے بھی کم ہے، اور چوری شدہ مال کی واپسی کی شرح 3 فیصد سے بھی کم ہے۔ اٹلی میں نہ تو قانونی دفعات کی کمی ہے، نہ ہی کیمرے کی، لیکن آبادی کا اندراج ڈھیلا ڈھالا ہے، بہت سے لوگ سرکاری ریکارڈ میں نہیں ہیں۔ عدالتی کارروائی میں سزائیں کم ہیں اور کیسز کا بیک لاگ بہت زیادہ ہے۔ یورپی یونین کے اندر افراد کی آزادانہ نقل و حرکت کے باعث قانون نافذ کرنے میں دشواری ہے۔ جہاں تک چین کا تعلق ہے، تو انٹرنیٹ پر ہر جگہ مختلف ممالک کا دورہ کرنے والے سیاحوں کے چین میں دیر رات تک تنہا اور سنسان گلیوں میں چلنے، کچھ گھنٹوں کے لیے اپنا موبائل یا کمپیوٹر کافی شاپ میں چھوڑ کے جانے سے چوری نہ ہونے تک، سڑک کے کنارے موٹرسائیکل کی چابیاں نکالے بغیر چھوڑنے، اور فوڈ ڈلیوری یا پارسل باہر سڑک پر رکھنے پر بھی نہ چوری ہونے کی ویڈیوز ہیں۔ تو کیا واقعی چوروں کا یہ قدیم ترین “پیشہ” چین سے بالکل ختم ہو گیا ہے؟

چین کی وزارتِ تحفظ عامہ کے اعداد و شمار کے مطابق، چین میں چوری کے واقعات کی تعداد سال 2000 کے لگ بھگ ایک عروج پر پہنچی تھی، جس کے بعد یہ تعداد سال بہ سال کم ہوتی گئی۔ 2021 میں ملک بھر میں چوری کے واقعات 2012 کے مقابلے میں 62.6 فیصد کم ہوئے، جبکہ ڈکیتی اور لوٹ مار کے واقعات 96.1 فیصد کم ہوئے۔ 2022 میں سپریم پیپلز پروکیوریٹ نے اعلان کیا کہ چوری کے جرائم میں مقدمے چلانے کی تعداد پچھلے بیس برسوں کی سب سے کم سطح پر ہے۔

یہ کمی ایک دن میں نہیں آئی۔2011 میں چین کے فوجداری قانون میں “چوری” کو براہِ راست شامل کر دیا گیا، جس نے پہلے صرف رقم کی بنیاد پر سزا دینے اور جرم کی لاگت کم ہونے کے نقص کو دور کیا۔ اب عوامی مقامات پر کسی کے ساتھ رکھے سامان کی چوری، چاہے رقم کتنی بھی کم ہو، مجرمانہ جرم تصور ہو گی اور مجرم کے ریکارڈ میں درج ہوگی، اس طرح قانون کی خلاف ورزی کی قیمت بہت بڑھ گئی۔

اس کے ساتھ ساتھ موبائل ادائیگی نے عام لوگوں کی جیبوں سے نقدی رقم کو تقریباً ختم کر دیا ہے۔ 2013 کے بعد کیو آر کوڈ کے ذریعے ادائیگی تیزی سے گلی محلوں کے دکانداروں تک پھیل گئی، اور پاس ورڈ اور اکاؤنٹ لاک والے موبائل فونز اور بینک کارڈز کو دور بیٹھ کر لاک کیا جا سکتا ہے تو وہ استعمال کے قابل نہیں رہتے، اس طرح چوری شدہ مال بیچنے کی زنجیریں ٹوٹ گئی ہیں، جس سے روایتی چوری سے منافع کمانا مشکل ہو گیا ہے۔

2015 کے لگ بھگ چین نے “شوئے لیانگ پروجیٹ ” (روشن نگاہ منصوبہ) نافذ کیا، جس کے تحت نگرانی کا جال شہروں سے لے کر قصبوں اور محلوں تک بچھا دیا گیا۔ اسی وقت موبائل نمبر، بینک کارڈ، ٹرین کے ٹکٹ اور ہوٹل میں قیام کے لیے نام اور پتے کا اندراج لازمی کر دیا گیا، تاکہ ہر عمل کسی نہ کسی مخصوص شخص تک لے جائے۔ تکنیکی ذرائع نے نگرانی کا جال بنایا، قانونی دفعات خلاف ورزیوں کو گرفتاری کے دائرے میں لائیں اور اس طرح مجرم کے پکڑے جانے کا امکان زیادہ ہو گیا، اور جرم کرنے کا نقصان بڑھتا چلا گیا۔

لیکن یہ سب صرف ایک سوال کا جواب ہےکہ لوگوں کو چوری کرنے کی جرات ہی نہ ہو۔ اگر صرف قانون اور ٹیکنالوجی تک ہی بات رکھی جائے تو یہ چین کی کہانی کا صرف آدھا حصہ ہے۔ بیس پچیس سال پہلے بہت سی چوریوں کے پیچھے چین کی منتقل ہونے والی آبادی کا شہروں میں ضم ہونے کا دشوار سفر، روزگار کے محدود ذرائع اور بنیادی ضمانتی سہولیات کی کمی تھی۔ ان برسوں میں ملازمتوں کے مواقع، بنیادی تحفظ اور دیہی ترقی کے منصوبوں نے عام لوگوں کے لیے روزی روٹی کے راستے وسیع کیے ہیں، جس کی وجہ سے اکثر لوگوں کے پاس آمدنی کا مستقل ذریعہ ہے، اور جینے کے لیے چوری کرنے کی ضرورت ختم ہو گئی ہے۔ جب لوگوں کے پاس اچھے طریقے سے زندگی گزارنے کا انتخاب ہوتا ہے، تو انہیں قانون توڑ کر گزارہ کرنے کی ضرورت نہیں رہتی اور یہ “چوری کرنے کی ضرورت نہ ہونے” کی بنیاد ہے۔

ایک پہلو جو بحث میں اکثر رہ جاتا ہے، وہ چین کی سالہا سال سے جاری تہذیبی تعلیم کی مہم ہے، جس نے پورے معاشرے کی تہذیبی سطح کو بلند کیا ہے۔ تحفظ کا احساس صرف سزا کے ڈر سے نہیں آتا، بلکہ عوام کے دلوں میں موجود اخلاقی اتفاقِ رائے سے جنم لیتا ہے۔ لازمی تعلیم کے مکمل پھیلاؤ، عوامی تہذیب کی تشہیر، محلے کی سطح پر تعلیم و تربیت، اور اخلاقی رہنمائی نے دوسروں کی ملکیت کا احترام کرنا اور حدود کی پاسداری کرنا، معاشرے کا تسلیم شدہ اصول بنا دیا ہے۔ یہ اندرونی احساس براہ راست قانون میں لکھا تو نہیں جاتا، لیکن روزمرہ کے بے شمار فیصلوں میں اپنا کردار ادا کرتا ہے۔ یہ اکثر عام لوگوں کو دوسروں کے مال پر نظر جمانے سے روکتا ہے اور معاشرے کا ماحول اس طرح تشکیل دیتا ہے کہ چوری کرنے والے کو مسلسل عوامی رائے اور اخلاقی دباؤ کا سامنا کرنا پڑے۔ قانون ایک ریڈ لائن کھینچتا ہے،ضمانت و حمایت کے نظام سے پیچھے ہٹنے کا راستہ فراہم کرتا ہے، اور تہذیبی تربیت دلی آگاہی پیدا کرتی ہے، جس سے “چوری نہ کرنے کی خواہش” پیدا ہوتی ہے۔

یہ پرت بہت دیر سے اثر کرتی ہے، اور سب سے زیادہ نظر انداز بھی کی جاتی ہے۔ قانون ایک سال میں تبدیل ہو سکتا ہے، نگرانی کے آلات تین سال میں بچھائے جا سکتے ہیں، لیکن ایک نسل کی عادتیں بننے میں دس سال سے زائد کا عرصہ لگتا ہے۔ یہ عادتیں شماریاتی رپورٹوں میں ماپی نہیں جا سکتیں، لیکن یہی طے کرتی ہیں کہ ایک ہی کیمرے کے نیچے انسان چوری کے لیے ہاتھ بڑھائے گا یا اس سے پیچھے ہٹے گا۔

خوف، ضرورت نہ ہونا، اور نہ چاہنا۔ یہ تین تہیں مل کر آج کے چین میں چوری کے جرائم کے اعداد و شمار میں تیزی سے کمی لا رہی ہیں۔ یہ بھی تسلیم کرنا ضروری ہے کہ چین نے جیب کتری کو مکمل طور پر ختم نہیں کیا، تعطیلات کے دوران تجارتی علاقوں، میٹرو کے باہر یہ حالات پھر بھی دکھائی دیتے ہیں اور کم فائدے یا قسمت کے بھروسے چوری کرنے والے اب بھی موجود ہیں لیکن جرم کو روکنے کا نظام مستقل سرمایہ کاری پر منحصر ہوتا ہے، ایک بار میں کام ختم نہیں ہوتا۔

دنیا کے ہر ملک کی تاریخ، آبادی کی ساخت اور عدالتی روایات مختلف ہیں، کوئی ایک حل دوسرے کے لیے براہ راست نقل نہیں کیا جا سکتا۔ لیکن عوامی نظام اور جان و مال کا تحفظ جدید حکمرانی کی بنیادی شرط ہے۔ چین کے شہروں کی آدھی رات کی خاموش اور محفوظ گلیاں، ہفتے بھر پڑے رہنے کے باوجود محفوظ پارسلز، چابی نکالے بغیر بے فکری سے کھڑی کی گئی موٹر گاڑیاں، یہ کوئی قدرتی تحفہ نہیں، بلکہ قانون سازی، ٹیکنالوجی، عوامی فلاح و بہبود اور تعلیم کے دہائیوں کے نتائج ہیں۔ حقیقی طویل مدتی عوامی تحفظ کے لیے نہ صرف سخت قانونی نظام کی ضرورت ہے، بلکہ عوام کی معاشی زندگی کو سہارا دینے اور سب سے بڑھ کر نسل در نسل تہذیبی شعور کو پروان چڑھانے کی بھی ضرورت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں