کھوکھر پیلس لاہور میں خصوصی افراد میں “ہمت کارڈز” کی تقسیم کی تقریب 16

کھوکھر پیلس لاہور میں خصوصی افراد میں “ہمت کارڈز” کی تقسیم کی تقریب

‎لاہور (رپورٹنگ آن لائن)کھوکھر پیلس لاہور میں حلقہ این اے 126 کے خصوصی افراد میں “ہمت کارڈز” کی تقسیم کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی صدر مسلم لیگ (ن) لاہور ملک سیف الملوک کھوکھر نےسوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے حلقے کے 157 خصوصی افراد ر جسٹریشن جبکہ12 افراد کو ہمت کارڈز دئیے گئے۔

ملک سیف الملوک کھوکھر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔ آج پنجاب دوسرے صوبوں سے بہت آگے نکل چکا ہے۔ ان شاءاللہ ہمت کارڈز کا یہ سلسلہ پورے پنجاب میں پھیلایا جائے گا تاکہ خصوصی افراد باعزت زندگی گزار سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کے وژن پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ہمارا مقصد عوام کی خدمت اور کمزور طبقوں کو سہولت فراہم کرنا ہے۔ مریم نواز پر تنقید کرنے والے اپنی کارکردگی سے مقابلہ کریں کیونکہ تنقید سے ترقی نہیں ہوتی، خدمت سے عوام کے دل جیتے جاتے ہیں۔ ملک سیف الملوک کھوکھر نے پاک فوج کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم سپہ سالارِ افواجِ پاکستان کو سیلوٹ کرتے ہیں جو وطنِ عزیز کے دشمنوں کو منہ توڑ جواب دے رہے ہیں۔

ہمارے شہداء قوم کے ہیرو ہیں، جنہوں نے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے ملک کی سلامتی کو یقینی بنایا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عوامی خدمت کے مشن پر گامزن ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں ترقی و فلاح کے منصوبے تیزی سے مکمل ہو رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں