عظمی بخاری 47

کچھ لوگوں کے مقدر میں صرف رونا دھونا ،دھرنے اور سازشیں ہیں، ہم خدمت کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں’ عظمیٰ بخاری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی انتھک محنت، لگن اور عوامی خدمت کے جذبے نے صوبے میں گڈ گورننس کے نئے معیارات قائم کر دیئے ہیں،

حالیہ سروے میں 69 فیصد عوام کا وزیراعلی کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار اس بات کا ثبوت ہے کہ پنجاب کی عوام اپنی قیادت پر بھرپور اعتماد کرتی ہے،کسی بھی لیڈر کے لیے عوام کی رائے سب سے مقدم ہوتی ہے، ماضی میں حکومتیں پانچ سال میں بھی 100منصوبے مکمل نہیں کر پاتی تھیں لیکن مریم نواز شریف نے محض ایک سال کے مختصر عرصے میں نہ صرف 100 سے زائد منصوبے شروع کیے بلکہ ان میں سے نصف سے زائد فعال ہو چکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی میں وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب کے وسائل پہلے بھی اتنے ہی تھے، مگر اب ان کا رخ درست سمت میں موڑ کر براہِ راست عوام پر خرچ کیا جا رہا ہے۔

مریم نواز شریف نے سرکاری دفاتر کے چکر کاٹنے کا کلچر ختم کر دیا ہے۔ ”مریم کی دستک”پروگرام کے ذریعے برتھ اور ڈیتھ سرٹیفکیٹ سمیت دیگر ضروری سہولیات عوام کی دہلیز پر فراہم کی جا رہی ہیں۔ اس کے علاوہ فیلڈ اسپتال اور کلینک آن ویلز کے ذریعے دور دراز علاقوں تک علاج کی بہترین سہولیات پہنچائی جا رہی ہیں۔ بڑے ہسپتالوں کی ریکارڈ مدت میں تکمیل پنجاب حکومت کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بڑی تبدیلیوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ نئی میٹروز اور گرین بسیں سڑکوں پر رواں دواں ہیں۔ اپریل کے آخر تک 100نئی بسیں فلیٹ میں شامل ہوں گی جبکہ مئی کے آخر تک مزید 400بسوں کا اضافہ کیا جائے گا، جس کے بعد پنجاب کا کوئی ضلع گرین ٹرانسپورٹ سے محروم نہیں رہے گا۔

کسانوں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ زرعی شعبے کے لیے اربوں روپے کا تاریخی پیکیج لایا گیا ہے اور آئی ایم ایف پروگرام کی پابندیوں کے باوجود کسانوں کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جا رہا ہے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کہا کہ ایک طرف مریم نواز شریف میٹروز، بسیں اور مفت ادویات کی گھروں تک فراہمی جیسے منصوبے چلا رہی ہیں، تو دوسری طرف کچھ لوگوں کے مقدر میں صرف دھرنے، رونا دھونا اور ملک کے خلاف سازشیں کرنا لکھا ہے۔ سوالات کے جوابات دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ ایسے ہیں جنھیں جعلی لنگڑا اور نابینا بننے کا شوق ہے مگر حقیقت میں وہ بالکل ٹھیک ہے۔

اسکی صحت کی فکر اتنی اس کے گھر والوں کو نہیں جتنی حکومت کو ہے۔ ہم ملک کو ڈیفالٹ کے دہانے پر پہنچانے والے ٹولے میں شامل نہیں بلکہ استحکام اور ترقی کے علمبردار ہیں۔ پنجاب کی ترقی کا جو سفر شروع ہو چکا ہے، وہ ان سازشوں سے نہیں رکے گا۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ ملک اور خطے میں جنگی نوعیت کے حالات درپیش ہیں۔ ہمارے ہمسایہ ممالک میں پیٹرولیم مصنوعات کی شدید قلت ہے، حتی کہ کئی مقامات پر پیٹرول اور گیس دستیاب ہی نہیں، جبکہ طویل قطاریں معمول بن چکی ہیں۔ اس کے برعکس، حکومت نے پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم قیمتوں سے متعلق بعض تکنیکی پہلو ایسے ہوتے ہیں جن کا تعلق براہِ راست حکومت سے نہیں ہوتا، تاہم عوامی خدشات کا جواب دینا ہماری ذمہ داری ہے۔ ماضی میں ملک کے اندر توانائی کے شعبے میں مطلوبہ صلاحیت پیدا نہیں کی گئی اور نہ ہی مناسب پاور پلانٹس لگائے گئے، جو ایک علیحدہ اور اہم مسئلہ ہے۔ پاور پلانٹس کے نظام اور طریقہ کار پر بھی الگ سے غور کیا جا رہا ہے۔موٹر سائیکل سبسڈی پروگرام کے حوالے سے وزیر اطلاعات نے بتایا کہ جن افراد کی رجسٹریشن اور ویریفکیشن مکمل ہو چکی ہے، انہیں ادائیگیاں شروع کر دی گئی ہیں۔

حکومت نے ایک ماہ کی مہلت دی ہے جس دوران رجسٹریشن فیس بھی معاف کر دی گئی ہے۔ جن افراد کی رجسٹریشن ابھی تک نہیں ہوئی، انہیں بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایک ماہ کے اندر رجسٹریشن مکمل کروا کر اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں، انہیں بھی سبسڈی دی جائے گی۔انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی طبقے، بالخصوص معذور افراد، کو سبسڈی سے محروم نہیں رکھا گیا۔ بعض میڈیا رپورٹس میں اس حوالے سے غلط تاثر دیا گیا، جس کی وضاحت کے لیے حکومت نے حقائق پر مبنی مقف بھی جاری کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں