کراچی(رپورٹنگ آن لائن) سید مراد علی شاہ نے کوئٹہ کے علاقے چمن پھاٹک کے قریب ٹرین دھماکے کے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر شدید رنج کا اظہار کیا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے دھماکے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ معصوم شہریوں اور مسافروں کو نشانہ بنانا بزدلانہ اور انسانیت سوز عمل ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم متحد ہے اور دہشتگرد عناصر ملک کا امن خراب نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات قوم کے حوصلے پست نہیں کرسکتے بلکہ عوام اور ریاستی اداروں کے عزم کو مزید مضبوط کرتے ہیں۔
وزیراعلی سندھ نے بلوچستان حکومت اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں سندھ حکومت اور سندھ کے عوام بلوچستان کے بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد ہے اور قیام امن کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔









