کوئٹہ(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے کوئٹہ کے ہسپتال میں خاتون ڈاکٹر پر تیزاب پھینکنے کے واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک وحشیانہ اور غیر انسانی عمل قرار دیا ہے۔
ماہرہ خان نے اپنی انسٹاگرام سٹوری میں واقعے پر ردِعمل دیتے ہوئے لکھا کہ ایک خاتون دوسروں کی زندگیاں بچانے کے لیے ہسپتال گئی تھی لیکن کسی نے اس کے چہرے پر تیزاب پھینک دیا، وہ اس واقعے کا تصور بھی نہیں کرسکتیں۔
اداکارہ کے مطابق متاثرہ ڈاکٹر، ڈاکٹر ماہ نور ناصر، ہسپتال میں اپنے فرائض انجام دے رہی تھیں کہ ان پر حملہ کیا گیا، ماہرہ خان نے لکھا کہ یہ محض ایک حملہ نہیں بلکہ انتہائی سفاکانہ اور شرانگیز عمل ہے، جس پر وہ غصے سے کانپ رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ متاثرہ خاتون ڈاکٹر تحفظ کی مستحق تھیں، تاہم حملہ آور نے یہ سمجھا کہ اسے ایک خاتون کی زندگی اور مستقبل تباہ کرنے کا حق حاصل ہے، حملہ آور نے ڈاکٹر کو زندہ جلانے کی کوشش کی۔
ماہرہ خان نے خواتین کے ساتھ ساتھ مردوں سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اس ظلم کے خلاف آواز بلند کریں اور اپنے غصے اور احتجاج کا اظہار کریں تاکہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔
واضح رہے کہ کوئٹہ کے سنڈیمن ہسپتال میں ایک شخص نے خاتون ڈاکٹر پر تیزاب پھینک دیا تھا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئیں، متاثرہ ڈاکٹر کو ابتدائی طبی امداد کے بعد نجی ہسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ بعد ازاں بہتر علاج اور طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ائیر ایمبولینس کے ذریعے کراچی منتقل کر دیا گیا۔









