اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کی مرکزی ترجمان شازیہ مری نے کہاہے کہ کشمیر کا مسئلہ پیپلز پارٹی کے دل کے قریب ہے، پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر میں عوامی حکومت بنانے کو تیار ہے۔
اپنے بیان میں شازیہ مری نے کہاکہ شہید بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو سے بلاول بھٹو تک، پیپلز پارٹی کا مؤقف اٹل ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد کشمیر کی جدوجہد پر رکھی گئی تھی۔ انہوںنے کہاکہ بلاول بھٹو زرداری نے بطور وزیرِ خارجہ ہر فورم پر کشمیر کا مقدمہ اٹھایا، کشمیریوں کے حقِ خود ارادیت کو دنیا نظرانداز نہیں کر سکتی۔انہوںنے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر میں عوامی حکومت بنانے کو تیار ہے، ماضی میں عددی برتری کے باوجود پاکستان پیپلز پارٹی کو حکومت بنانے نہیں دی گئی۔
انہوںنے کہاکہ بلاول بھٹو نے کہا آزاد کشمیر کی قیادت کا فیصلہ کشمیر میں ہی ہوگا، پیپلز پارٹی آزاد کشمیر میں سیاسی استحکام بحال کرے گی۔ انہوںنے کہاکہ سیاسی خلا نے کشمیر کے مؤقف کو کمزور کیا، یہ خلا پیپلز پارٹی بھرے گی، آزاد کشمیر میں امن اور انصاف سیاسی مکالمے سے ممکن ہے۔ انہوںنے کہاکہ جب دنیا خاموش تھی، بلاول بھٹو نے عالمی سطح پر کشمیر کے لیئے آواز بلند کی، بلاول بھٹو نے ہمیشہ بات چیت اور مکالمے کو ترجیح دی ہے۔
انہوںنے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی تاریخ قربانی اور جدوجہد کی علامت ہے، بلاول بھٹو نے کہا ہم کشمیری عوام کو مایوس نہیں کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی کشمیری عوام کی خودمختاری پر یقین رکھتی ہے، بلاول بھٹو اپنے نانا، شہید بھٹو، اور والدہ، شہید بی بی کا مشن آگے بڑھا رہے ہیں۔









