مرتضیٰ وہاب 49

کراچی کو حق دو کے بینرز جو دکاندار بنائیں گے ان کو سِیل کر دینگے، میئر کراچی

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)میئر کراچی مرتضی وہاب نے جماعتِ اسلامی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں کراچی کو حق دو کے بینرز لگانے سے مسائل حل نہیں ہوں گے، اس چیز پر غور کر رہا ہوں کہ جو دکاندار اس طرح کے بینرز بنائیں گے ان کو سِیل کریں گے۔تقریب سے خطاب میں میئر کراچی نے بلدیہ عظمی کراچی میں ویجیلنس اسکواڈ کے لیے 20 الیکٹرک موٹر سائیکلوں کی فراہمی کا اعلان کیا اور شہر کے انفرااسٹرکچر کے تحفظ اور گرین انرجی کے فروغ کے لیے اہم اقدامات کا عندیہ دیا۔

انہوں نے کہا کہ وارڈنز کو پروٹوکول ڈیوٹی سے ہٹا دیا گیا ہے اور اب انہیں ویجیلنس اسکواڈ کا حصہ بنایا جا رہا ہے، میرے ساتھ کوئی وارڈن نہیں چلتا، تمام وسائل شہر کی خدمت کے لیے استعمال ہوں گے۔انہوں نے بتایا کہ ویجیلنس اسکواڈ وال چاکنگ، غیر قانونی پوسٹرز و بینرز، گرل کاٹنے، اسٹریٹ لائٹس چوری کرنے اور شہر کے انفرااسٹرکچر کو نقصان پہنچانے والے عناصر پر نظر رکھے گا جبکہ پلوں کے نیچے اور دیگر مقامات پر نشہ کرنے والے افراد کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔مرتضی وہاب نے کہا کہ ترقیاتی کام کے ایم سی کرتی ہے مگر نقصان کوئی اور پہنچا دیتا ہے، اسی لیے ویجیلنس اسکواڈ کا قیام عمل میں لایا گیا۔

میئر کراچی نے کہا کہ یہ موٹر سائیکلیں کسی پروٹوکول کے لیے نہیں بلکہ شہرِ قائد کی ملکیت ہیں اور کے ایم سی کا عملہ انہیں مختلف علاقوں میں استعمال کرے گا۔انہوںنے کہا کہ شہر کو گرین انرجی پر منتقل کیا جا رہا ہے، کے ایم سی بلڈنگ پہلے ہی سولر پر منتقل ہو چکی ہے جبکہ اسپتالوں اور پمپنگ اسٹیشنز کی سولرائزیشن جاری ہے، مستقبل میں فیول کی بچت کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے اور ٹرانسپورٹ کو بتدریج الیکٹرک وہیکل پر منتقل کیا جائے گا، قومی معاملات پر اتحاد ضروری ہے جبکہ سیاسی اختلافات ہوتے رہتے ہیں۔

میئر کراچی نے دعوی کیا کہ لیاری ٹرانسفارمیشن اور شاہراہِ نور جہاں جیسے منصوبے کے ایم سی نے مکمل کیے مگر کریڈٹ کوئی اور لے رہا ہے، شاہراہِ نور جہاں ہم نے بنائی، بینرز لگے ہوئے تھے شکریہ جماعت اسلامی، اس منافقت سے کبھی اس شہر کا بھلا نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ ہر اجلاس میں سیف بھائی یرغمال ہو جاتے ہیں، ویڈیو میں ثابت کیا جائے کہ حملہ کس نے کیا۔مرتضی وہاب کا کہنا ہے کہ شہر کی بہتری کے لیے سب کو متحد ہو کر کردار ادا کرنا ہو گا اور سیاسی منافقت سے کراچی کا کوئی بھلا نہیں ہو گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں