عمران اسماعیل

کراچی میں گرفتار عمران اسماعیل کو ڈسٹرکٹ جیل شکار پور بھیجنے کا فیصلہ

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)صوبائی دارالحکومت کراچی میں گرفتار سابق گورنر سندھ اور تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل کو ڈسٹرکٹ جیل شکار پور بھیجا جائے گا۔

محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق عمران اسماعیل کو 30 دن تحویل میں رکھا جائیگا۔محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق عمران اسماعیل نے جلاؤ گھیراؤ اور سڑکیں بند کرنے کے لیے لوگوں کو اکسایا، جب کہ ملک اور قوم کی جان و مال کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔

خیال رہے کہ عمران اسماعیل کو گزشتہ شب ڈیفنس فیز 8 کے قریب سے گرفتار کیا گیا تھا۔ذرائع کیمطابق عمران اسماعیل کو کراچی میں انسداد دہشت گردی کے مقدمات میں گرفتار کیا گیا، سابق گورنر کے خلاف ٹیپو سلطان اور فیروز آباد تھانوں میں مقدمات درج ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں کو بھی گرفتار کیا جاچکا ہے جن میں شاہ محمود قریشی ، اسد عمر، فواد چوہدری، شیریں مزاری ، فردوس شمیم نقوی اور علی زیدی سمیت کئی رہنما شامل ہیں۔ پی ٹی آئی رہنما علی زیدی کو جیکب آباد اور فردوس شمیم نقوی کو سکھر جیل منتقل کیا جاچکا ہے۔