حلیم عادل شیخ 42

کراچی سے 13 ارب روپے کی گندم غائب ہونے کا انکشاف تشویشناک ہے،حلیم عادل شیخ

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے سندھ کے سرکاری گوداموں سے اربوں روپے مالیت کی گندم غائب ہونے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے سندھ حکومت کو مکمل طور پر نااہل قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی سے 13 ارب روپے کی گندم غائب ہونے کا انکشاف تشویشناک ہے، جبکہ اس سے قبل بھی 17 ارب روپے کی گندم غائب ہونے کا اسکینڈل سامنے آچکا ہے۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سندھ کے گوداموں سے ایک سو ارب روپے سے زائد مالیت کی گندم غائب یا خراب کی جاچکی ہے، جبکہ کراچی سے 9 لاکھ سے زائد گندم کی بوریاں غائب ہونا کرپشن کی انتہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سندھ میں کرپشن کا راج ہے اور عوام کا راشن بھی محفوظ نہیں رہا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ سندھ میں گزشتہ 18 برسوں سے کرپٹ نظام رائج ہے اور ہر سال تقریبا دو سو ارب روپے کی گندم خوردبرد اور کرپشن کی نذر ہوجاتی ہے۔ ایک طرف ترقیاتی منصوبوں میں اربوں روپے کی کرپشن جاری ہے، جبکہ دوسری جانب منظم سازش کے تحت گندم ہڑپ کی جارہی ہے۔پی ٹی آئی سندھ کے صدر نے کہا کہ صوبے بھر میں کرپشن زدہ افسران کو دوبارہ تعینات کرکے بدعنوانی کے نظام کو تحفظ دیا گیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ گندم اسکینڈل میں ملوث افسران کو فوری گرفتار کیا جائے کیونکہ یہ صرف چوری نہیں بلکہ عوام کے حق پر ڈاکہ ہے۔

حلیم عادل شیخ نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ گندم اسکینڈل کی ذمہ داری قبول کرے، ملوث افسران سے لوٹی گئی رقم واپس وصول کرے اور شفاف تحقیقات کرائی جائیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں احتساب کا نظام مکمل طور پر مفلوج ہوچکا ہے، عوام بھوک سے مر رہی ہے جبکہ حکمران لوٹ مار میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کے پیسے کی لوٹ مار ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور کرپشن کے محافظوں کو بے نقاب کرنا ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں