کراچی (رپورٹنگ آن لائن)وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے لاڑکانہ پولیس کی بروقت، مؤثر اور کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس نے سنگین جرائم میں ملوث مرکزی ملزم کو قانون کے کٹہرے تک پہنچانے کے لیے جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، جو قابلِ تحسین ہے۔
وزیر داخلہ سندھ نے ایس ایس پی لاڑکانہ اور ان کی پوری ٹیم کو کامیاب پولیس آپریشن پر شاباش دیتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف اسی عزم، جذبے اور پیشہ ورانہ انداز میں کارروائیاں جاری رکھی جائیں تاکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ضیا الحسن لنجار نے کہا کہ شہید پولیس جوان مجیب الرحمٰن سولنگی کی قربانی ہرگز رائیگاں نہیں جائے گی۔ سندھ حکومت اپنے شہدا کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور پولیس فورس کی بہادری اور خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔انہوں نے زخمی پولیس اہلکار نعمت اللہ میمن کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زخمی اہلکار کو ہر ممکن اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ وہ جلد صحت یاب ہو سکے۔
وزیر داخلہ سندھ نے مزید ہدایت کی کہ فرار ملزمان کی فوری گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن مزید مؤثر اور تیز کیا جائے، کیونکہ جرائم پیشہ عناصر قانون کی گرفت سے زیادہ دیر تک نہیں بچ سکتے۔ انہوں نے زور دیا کہ بین الاضلاعی ڈکیت گینگز کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن مزید شدت کے ساتھ جاری رکھا جائے اور ایسے عناصر کے خلاف ہر ممکن قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
ضیا الحسن لنجار نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سندھ حکومت صوبے سے جرائم کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور پولیس کی ہر کامیاب کارروائی کے پیچھے حکومت سندھ کی مکمل سرپرستی، اعتماد اور تعاون موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہر ممکن وسائل اور تعاون فراہم کیا جاتا رہے گا۔









