مراد علی شاہ 21

کتابیں علم، شعور اور فکری بیداری کا بنیادی ذریعہ ہیں، وزیراعلی سندھ

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے عالمی سطح پر منائے جانے والے عالمی یومِ کتب و کاپی رائٹ، انگریزی زبان کے عالمی دن اور ہسپانوی زبان کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغامات میں کتابوں، زبانوں اور تخلیقی حقوق کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔

وزیراعلی ہاس سے جاری اپنے پیغام میں وزیراعلی سندھ نے کہا کہ کتابیں علم، شعور اور فکری بیداری کا بنیادی ذریعہ ہیں، جبکہ مطالعہ انسان کی تخلیقی اور ذہنی صلاحیتوں کو نکھارتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں میں مطالعے کی عادت کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ کتابیں نسلوں اور ثقافتوں کے درمیان مضبوط ربط قائم کرتی ہیں۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت اردو اور سندھی ادب کو عالمی سطح پر نمایاں مقام دلانے کے لیے کوشاں ہے۔

ان کے مطابق سندھی کتابیں ہماری تاریخ، ثقافت اور شناخت کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کا تحفظ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی یومِ کتب منانے کا مقصد کتاب دوستی کو فروغ دینا اور تعلیمی و ادبی سرگرمیوں کو تقویت دینا ہے۔ وزیراعلی سندھ نے کاپی رائٹ کے حوالے سے بھی آگاہی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تخلیق کاروں کے حقوق کا تحفظ سماجی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔

انہوں نے غیر قانونی اشاعت اور مواد کی چوری کے خلاف مثر اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انگریزی زبان کے عالمی دن کے حوالے سے وزیراعلی سندھ نے کہا کہ انگریزی عالمی رابطے، تعلیم اور سفارتکاری میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ دن عظیم ادیب ولیم شیکسپیئر کی خدمات کے اعتراف میں منایا جاتا ہے، جنہوں نے انگریزی زبان کو بے شمار الفاظ اور محاورے عطا کیے۔

ہسپانوی زبان کے عالمی دن پر بات کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ نے کہا کہ زبانیں تہذیبوں کے درمیان پل کا کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن معروف ہسپانوی ادیب میگوئل ڈی سروینٹس کی خدمات کے اعتراف میں منایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو مقامی زبانوں کے ساتھ ساتھ عالمی زبانوں پر بھی عبور حاصل کرنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت تعلیم اور لسانی ترقی کے فروغ کے لیے مختلف اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ ہمارے سماج میں علمی و ثقافتی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں