افضل خان 9

ڈراموں میں مناسب اور جاندار کردار نہیں مل رہے، جان ریمبو

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار جان ریمبو نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں ڈراموں میں مناسب اور جاندار کردار نہیں مل رہے ہیں۔

اداکار افضل خان المعروف جان ریمبو ان اداکاروں کی فہرست میں شامل ہیں جنہوں نے فلم سے ٹی وی انڈسٹری کا رخ کیا اور کئی ڈراموں میں اداکاری کی لیکن ہم نے زیادہ تر انہیں کامیڈی کردار کرتے دیکھا ہے۔تاہم اب اداکار نے انکشاف کیا ہے کہ وہ کس طرح ٹی وی پر آنے کے بعد حقیقی اور جاندار کرداروں سے محروم رہ گئے ہیں۔

جان ریمبو نے کہا کہ پرانے وقتوں میں جاوید شیخ اور ندیم بیگ کہانی کے اصل ہیرو ہوتے تھے کیونکہ انہیں مضبوط اور باکردار رول ملتے تھے جبکہ وہ (ریمبو اور ان کے ساتھی)ایسے نوجوان تھے جو یا تو ڈانس کرتے تھے یا پھر فائٹ سین (لڑائی کے منظر)کرتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اب جب ہمارا دور آیا تو فلم انڈسٹری ہی زوال کا شکار ہو گئی وہ اس بات سے خوش نہیں ہیں کیونکہ انہیں ٹیلی ویژن انڈسٹری کی طرف سے اداکاری کے لیے مناسب اور جاندار کردار نہیں مل رہے۔اداکار نے کہا کہ مجھ میں اب بھی کام کرنے کی بھرپور توانائی موجود ہے اور خواہش ہے کہ کاش مجھے بہتر کردار ملتے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں