چین 26

چین اور کمبوڈیا کے درمیان “2+2” اسٹریٹجک مکالمہ، سکیورٹی و تعاون پر اتفاق

بیجنگ (رپورٹنگ آن لائن)چین اور کمبوڈیا کے وزرائے خارجہ اور وزرائے دفاع کے درمیان “2+2″اسٹریٹجک مکالمے کے پہلے اجلاس کا انعقاد پنوم پن میں ہوا۔جمعرات کے روز چینی میڈیا کے مطابق اجلاس کی مشترکہ صدارت کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن اور چینی وزیرِ خارجہ وانگ ای، چین کے وزیرِ دفاع ڈونگ جون، کمبوڈیا کے نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ پراک سوکھون اور نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ دفاع ٹی سیہا نے کی۔

فریقین نے دوطرفہ تعلقات، سیاسی و دفاعی سلامتی کے تعاون اور بین الاقوامی و علاقائی صورتحال سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا اور وسیع اتفاقِ رائے حاصل کیا۔

وانگ ای نے کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت نے “2+2” مکالمہ میکانزم کے قیام کا فیصلہ کیا ہے، جو باہمی اسٹریٹجک اعتماد اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس میکانزم کا پہلا اجلاس چین اور کمبوڈیا کی آزمودہ دوستی کا مظہر ہے اور دونوں ممالک کی جانب سے اسٹریٹجک تعاون کو فروغ دینے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ چین اس پلیٹ فارم کو سیاسی اور دفاعی سلامتی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کا اہم ذریعہ بنانا چاہتا ہے تاکہ چین۔کمبوڈیا ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کو آگے بڑھایا جا سکے۔

چین کے وزیرِ دفاع ڈونگ جون نے کہا کہ موجودہ عالمی اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پیچیدہ اور تیزی سے بدل رہی ہے، اور چین کمبوڈیا کے ساتھ مل کر عسکری اعتماد کو مزید مستحکم کرنے اور نئے دور میں ہمہ جہتی چین۔کمبوڈیا ہم نصیب معاشرے کی تعمیر میں کردار ادا کرنے کا خواہاں ہے۔

فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ موجودہ عالمی حالات میں ایک دوسرے کے بنیادی مفادات کی حمایت جاری رکھی جائے، مختلف شعبوں میں عملی تعاون کو آگے بڑھایا جائے، اعلیٰ معیار کی ترقی اور اعلیٰ سطح کی سلامتی کو ہم آہنگ کیا جائے، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دفاعی تعاون کو مضبوط بنایا جائے اور آن لائن جوئے اور ٹیلی کام فراڈ جیسے جرائم کے خلاف مشترکہ کارروائیاں کی جائیں۔

مزید برآں، دونوں ممالک نے عالمی سطح پر چار بڑے گلوبل انیشی ایٹوز فریم ورک کے تحت تعاون بڑھانے، علاقائی تنازعات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے، یکطرفہ دباؤ اور بالادستی کی سیاست کی مخالفت کرنے ، عالمی آزاد تجارت اور عدل و انصاف کے تحفظ پر بھی اتفاق کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں