حافظ نعیم الرحمن 33

چہرے نہیں نظام بدلنے سے مسائل حل ہونگے ، نعیم الرحمن

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ چہرے اور پارٹیاں نہیں، نظام بدلنے سے ملک کے مسائل حل ہوں گے ، دو فیصد سے کم اشرافیہ نے اٹھانوے فیصد عوام کو یرغمال بنا رکھا ہے ، معیشت، زراعت، صنعت کے شعبوں میں بنیادی تبدیلیوں کی ضرورت ہے ،عدالتوں اور پولیس کے نظام میں اصلاحات لا نا ہوں گی۔

جامعہ مفتاح العلوم شیرگڑھ مردان میں فضلاء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے شرکا کو نومبر میں مینار پاکستان کے سائے تلے ہونے والے تین روزہ اجتماع عام میں شرکت کی دعوت دی۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ہم سب کو دینی علوم کے ساتھ جدیدیت کو سمجھنے کی بھرپور کوشش کرنی چا ہئے ، سیکولرازم، لبرل ازم، سرمایہ دارانہ نظام، مغربی نظریات کو سمجھے اور جانے بغیر اقامت دین کے پیغام کو عام نہیں کیا جاسکتا۔ علما خصوصی طور مغرب اور جدید نسل (Generation Z)کے روئیوں کو سمجھیں، ہمیں اس اہم پہلو کو مدِ نظر رکھنا ہوگا کہ مغرب میں فلسطین کے حق میں آواز بہت توانا اور مضبوط ہوئی ہے ، بلاشبہ یہ حماس اور اہل غزہ کی قربانیوں کا نتیجہ ہے.

اس صورتحال سے فائدہ اٹھا کر اسلام کے آفاقی نظام کو پھیلایا جائے ، لوگوں کو بتایا جائے کہ اسلام ہی عادلانہ نظام کے قیام کی ضمانت فراہم کرتا ہے اور مظلوموں کا مددگار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک پر مسلط حکمران ناکام ہوگئے ہیں، عوام ان سے چھٹکارا چاہتے ہیں، انہیں رہنمائی اور قیادت درکار ہے اور موجودہ حالات میں صرف جماعت اسلامی ہی یہ فریضہ سرانجام دے سکتی ہے ۔ علما اپنے علم اور کردار سے عوام کے دل و دماغ کو تسخیر کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں