ہمایوں اختر

پی ڈی ایم کی ساری کوششوںکا فائدہ صرف مریم نوا ز باہرجانیکی صورت میں اٹھاناچاہتی ہیں ‘ ہمایوں اختر

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان تحریک انصا ف کے سینئر مرکزی رہنماو سابق وفاقی وزیر ہمایوں اخترخان نے کہا ہے کہ کرشنگ سیزن شروع ہونے کے بعد چینی کی قیمت میں 12روپے فی کلو تک کمی ہوئی ہے ،ایک طرف اپوزیشن یہ کہتی رہی ہے کہ حکومت انسانی جانیں بچانے کیلئے مکمل لاک ڈائون نہیں کر رہی اور آج کورونا کی دوسری شدید لہرکے باوجود لوگوں کواپنی سیاست کا ایندھن بنارہی ہے ،پی ڈی ایم کی ساری کوششوں کا فائدہ صرف مریم نوا ز باہرجانے کی صورت میں اٹھاناچاہتی ہیں ۔

پارٹی کے سینئر رہنمائوں سے ملاقات او رصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ہمایوں اخترخان نے کہاکہ اپوزیشن یہ دعوے کررہی ہے کہ حکومت کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں لیکن ہم انہیں گلگت بلتستان میں شکست دے کر وہاں سے نکلے ہیں، اپوزیشن کے پاس عوام کے نام پر سیاست کرنے کوئی ایجنڈا نہیں اور سب جماعتیں اپنے اپنے مفادات کی پٹڑ ی پر چل رہی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ پی ڈی ایم کی ساری کوششوں کا فائدہ مریم نواز باہر جانے کی صورت میں اٹھاناچاہتی ہیں ،20ستمبر کو یہ کہا جاتا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ سیاست میں کسی طرح کی مداخلت نہ کرے اور اگلے ہی لمحے یہ کہا جاتا ہے کہ ہم بات کرنے کیلئے تیار ہیں لیکن پہلے حکومت کو گرایا جائے ، آپ میں ہمت ہے تو اسمبلی میں جائیں اور حکومت کوگرائیں لیکن آپ کو اپنی حیثیت کااچھی طرح اندازہ ہے۔

انہوںنے کہا کہ اپوزیشن سے بارہااپیل کی جارہی ہے کہ اپنی سیاست بچانے کیلئے عوام کی زندگیوں کو دائو پر نہ لگایا جائے لیکن ان کے کان پر جوں تک نہیںرینگ رہی ،اس حوالے سے اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ بھی موجود ہے اوریقینی طو رپر ریاست اس سلسلہ میں قانونی راستہ اپنائے گی ۔

ہمایوںاخترخان نے کہا کہ مہنگائی میں کمی آناشروع ہو گئی ہے ،عوام کے شکرگزار ہیں انہوں نے مشکل حالات کے باوجود حکومت کابھرپور ساتھ دیا ہے کیونکہ انہیں علم ہے کہ حکومت نیک نیتی سے درست سمت میں اقدامات اٹھا رہی ہے۔