عطا اللہ تارڑ 13

پی ٹی آئی کا سیاسی بیانیہ سوشل میڈیا پر جھوٹ اور شعبدہ بازی پر مبنی ہے، وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ

پشاور (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا سیاسی بیانیہ سوشل میڈیا پر جھوٹ اور شعبدہ بازی پر مبنی ہے، پاکستان مسلم لیگ (ن)ترقی پر یقین رکھتی ہے،پی ٹی آئی حکومت نے خیبر پختونخوا کو تباہی اور بربادی کے سوا کچھ نہیں دیا، خیبر پختونخوا میں دانش اسکول قائم کیے جا رہے ہیں،جب بھی صوبے کے عوام پاکستان مسلم لیگ(ن)کو حکومت کرنے کا موقع دیں گے،انشا اللہ ایک دن ایسا آئے گا جب خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کا نام و نشان تک باقی نہیں رہے گا۔ گزشتہ روز یونیورسٹی ٹان پشاور میں رکن صوبائی اسمبلی جلال خان کے دفتر کا افتتاح کے موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وہ بڑی تعداد میں استقبال کرنے پر عوام کے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے ان کے درمیان موجودگی پر خوشی کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ خیبر پختونخوا غیور، بہادر اور غیرت مند لوگوں کی سرزمین ہے، پاکستان کیلئے ان کی قربانیاں بے شمار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن)کے قائد محمد نواز شریف نے متعدد ترقیاتی منصوبے مکمل کر کے خیبر پختونخوا کو عزت دی جبکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف صوبے کو خوشحالی کی راہ پر آگے لے جانے کے لیے ان تھک محنت کر رہے ہیں۔ حکومت کے تعلیمی اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے وفاقی وزیر عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں دانش اسکول قائم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر صوبائی اسمبلی کے بہترین ارکان کو منتخب کیا ہے۔ انہوں نے صوبے کی خدمت میں ان کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف والے جلال خان کے جلال سے ڈرتے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے وفاقی وزیر عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی کا سیاسی بیانیہ سوشل میڈیا پر جھوٹ اور شعبدہ بازی پر مبنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے خیبر پختونخوا کو تباہی اور بربادی کے سوا کچھ نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت اسلام آباد پر چڑھائی کرنا چاہتی ہے، اپنے صوبے میں آگ لگی ہے اور یہ لاہور پہنچ گئے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت صوبے کی حالت پر توجہ دیں۔ وفاقی وزیر عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ جب بھی صوبے کے عوام پاکستان مسلم لیگ(ن)کو حکومت کرنے کا موقع دیں گے، پارٹی صوبے کو تیز رفتار ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے کام کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن)عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے جبکہ پی ٹی آئی کی سیاست کھوکھلے نعروں پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی نے کبھی بھی ایسی منفی سیاست نہیں کی جیسی پی ٹی آئی کرتی رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن)نے ہمیشہ مشکل حالات کا سامنا کیا ہے اور چیلنجز کا مقابلہ کرتے ہوئے ملک کو تمام بحرانوں سے نکالنا جاری رکھا ہے۔ وفاقی وزیر عطا اللہ تارڑ نے پی ٹی آئی کے بار بار یو ٹرن لینے پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی یہ پارٹی بڑے بڑے دعوے کرتی ہے، بعد میں اپنے موقف سے پیچھے ہٹ جاتی ہے اور مشکل حالات میں عوام کو تنہا چھوڑ دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ انشا اللہ ایک دن ایسا آئے گا جب خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کا نام و نشان تک باقی نہیں رہے گا۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے پاکستان مسلم لیگ(ن)سے بڑی امیدیں وابستہ کر رکھی ہیں کیونکہ یہی وہ واحد جماعت ہے جو ملک کو موجودہ چیلنجز سے نکال سکتی ہے اور عوام کے مسائل حل کر سکتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں