کراچی(رپورٹنگ آن لائن)ایم کیوایم پاکستان کے سیئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل حافظ عاصم منیر نے وزیر اعظم کے ساتھ ملکر امن کا پرچم لہرایا، موجودہ حکومت میں ایم کیو ایم کا بھی کلیدی کردار ہے، پیٹرولیم لیوی کو ختم کرکے عوام کو ریلیف دیا جائے۔
ایم کیوایم پاکستان کے مرکز بہادر آباد میں گلگت کے نوجوان طالب علموں نے ایم کیوایم پاکستان میں شمولیت کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ پہاڑی سنگم میں واقع نوجوانوں کی ایک بڑی تنظیم بلتستان اسٹوڈنٹس فیڈریشن اے پی ایم ایس او میں خود کو ضم کر رہی ہے۔
گلگت کے طلبہ بھی بلتستان اسٹوڈنٹس فیڈریشن سے رابطے میں ہیں۔ متحدہ قومی موومنٹ گلگت بلتستان کے انتخابات میں بھرپور حصہ لے کر کامیابی حاصل کرے گی۔فاروق ستار نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ سال معرکہ حق میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ پاکستان نے بھارت کو معرکہ تو میں دھول چٹائی، معرکہ حق سے عالمی امن تک ہم چلے گئے ہیں۔ پوری دنیا میں پاکستان کو تسلیم کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلتستان کی سات سیٹوں اور اسمبلی کی 24 سیٹوں پر ہمارے امیدوار 35 سال سے کم عمر ہونگے۔ 20 اپریل کو کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی آخری تاریخ ہے ۔ہم انشااللہ نمایاں کامیابی حاصل کریں گے ۔
ہم گلگت بلتستان میں میڈیکل اور انجینئرنگ یونیورسٹی قائم کریں گے۔ اسکردو اور گلگت میں بجلی کا بہت بڑا مسئلہ ہے۔ ہم وہاں کے انفراسٹرکچر کی بہتری کے لئے کام کریں گے۔ فاروق ستار نے کہا کہ ضرورت پڑی تو ہم اسلام آباد بھی آئیں گے۔ ڈیزل کی قیمتوں کو کم کرنے کی ضرورت ہے۔ جب ایران آپ کے ساتھ کھڑا ہوگا تو مجھے امید ہے ہم بڑا معاشی فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ پیٹرولیم لیوی میں ڈیڑھ ماہ میں 80 ارب جمع ہوئے۔
چھ سو چالیس ارب سالانہ پیٹرولیم لیوی کی مد میں جمع کر رہے ہیں۔ پیٹرولیم لیوی ختم کرکے عوام کو ریلیف دیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کی بڑی کھیپ پاکستان کے ساتھ کھڑی کر دی ہے، ہم نے کہا تھا سیف کراچی سیف پاکستان۔ سندھ کے حکمرانوں کا نعرہ ہے ڈوبا کراچی اور ہمارا نعرہ ہے بچا کراچی ۔اب ہم اگلے ہفتے پریس کانفرنسوں کا سلسلہ شروع کر رہے ہیں۔








