محمد جاوید قصوری 43

پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مزید کمی کرکے عوام کو ریلیف دیا جائے’ جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں معمولی کمی عوام کے زخموں پر مرہم رکھنے کے لیے کافی نہیں، حکومت کو فوری طور پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید نمایاں کمی کرنا ہوگی تاکہ مہنگائی کے ستائے ہوئے عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باوجود پاکستان میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں غیر معمولی حد تک بلند رکھی گئی ہیں، جس کا براہ راست بوجھ عام آدمی پر پڑ رہا ہے۔ ملک کے اندر پٹرول اور ڈیزل کی قیمت کسی صورت 250 روپے فی لیٹر سے زائد نہیں ہونی چاہیے۔ حکومت پٹرولیم لیوی اور دیگر ٹیکسوں کے ذریعے عوام کی جیبوں پر مسلسل ڈاکہ ڈال رہی ہے، جس کے نتیجے میں اشیائے خورونوش، ٹرانسپورٹ، بجلی اور روزمرہ استعمال کی دیگر ضروری اشیاء کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے۔ مہنگائی نے مزدور، کسان، سرکاری ملازمین، پنشنرز اور متوسط طبقے کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو مہنگائی کی شرح کو امریکہ۔ایران جنگ سے قبل کی سطح پر لانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنا ہوں گے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات عام آدمی تک منتقل ہونے چاہئیں اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کرایوں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی واضح کمی آئے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی کمر ٹوٹ چکی ہے، لاکھوں خاندان دو وقت کی روٹی، بچوں کی تعلیم اور علاج معالجے کے اخراجات پورے کرنے سے قاصر ہیں۔

امیر جماعت اسلامی پنجاب نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ آئندہ وفاقی بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشنرز کی پنشن میں مہنگائی کے تناسب سے خاطر خواہ اضافہ کیا جائے۔ موجودہ معاشی حالات میں معمولی اضافہ مسائل کا حل نہیں بلکہ عوام کو ایسا ریلیف درکار ہے جو ان کی زندگی میں حقیقی بہتری لا سکے۔ محمد جاوید قصوری نے کہا کہ حکمران عوامی مشکلات کا ادراک کریں اور ایسے فیصلے کریں جن سے عام آدمی کی زندگی آسان ہو۔ جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور ہر فورم پر مہنگائی، بے روزگاری اور ظالمانہ ٹیکسوں کے خلاف آواز بلند کرتی رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں