کراچی(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے باوجود پاکستان میں قیمتیں برقرار رکھنے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عوام کے ساتھ کھلی ناانصافی اور حکومت کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 84 ڈالر فی بیرل تک آ چکی ہے، لیکن اس کے باوجود پاکستان میں عوام کو مہنگے داموں پیٹرول خریدنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اور اس کی نااہلی عوام پر ظلم بن چکی ہے۔
حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی غلط پالیسیوں، نااہلی اور بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے، جبکہ حکمران عوام کی مشکلات سے بے پرواہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہ کرنا عوام پر اضافی بوجھ ڈالنے اور ان کے ساتھ ظلم کرنے کے مترادف ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کرے اور کم از کم 200 روپے فی لیٹر تک کمی کر کے عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو ریلیف نہ دینا سراسر ظلم ہے عوام فارم 47 کی جعلی حکمرانی کو نہیں مانتی اگر عوام کو ریلیف نہیں دے سکتے تو فوری اقتدار کی کرسیاں خالی کر دیں۔









