محمد جاوید قصوری 20

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی جماعت اسلامی کے احتجاج کا نتیجہ ہے، جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی نے عوام کے حقوق کے لیے صرف بیانات نہیں دیے بلکہ دھرنے دیے، جلسے کیے، ہڑتالیں کیں اور چوکوں چوراہوں میں عوام کا مقدمہ پوری قوت اور دلیل کے ساتھ لڑا ہے، حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں جماعت اسلامی نے حکومت کے ساتھ مذاکرات کی میز پر بھی قومی مسائل کو مدلل انداز میں پیش کیا اور حکمرانوں کو اپنے مؤقف پر سنجیدگی سے غور کرنے پر مجبور کیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور اور فیصل آباد میں مختلف پروگرامات سے خطابات کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ روز سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ اس امر کی نشاندہی کرتا ہے کہ حکومت کو بالآخر اس حقیقت کا ادراک ہوا ہے کہ عوام پر پٹرول کی قیمتوں کا بوجھ ناقابل برداشت ہو چکا ہے۔ جماعت اسلامی مسلسل اس بات کی نشاندہی کرتی رہی ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں صرف عالمی منڈی کے اتار چڑھاؤ کا ہی کردار نہیں بلکہ ریفائنریز اور متعلقہ کمپنیوں کو دیے جانے والے بھاری منافع اور دیگر عوامل بھی عوام پر اضافی بوجھ کا باعث بن رہے ہیں۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ جماعت اسلامی کی دستخطی مہم بدستور جاری ہے اور ہم کروڑوں پاکستانیوں کے دستخط حاصل کریں گے تاکہ حکمرانوں پر واضح کیا جا سکے کہ یہ کسی ایک جماعت کا نہیں بلکہ پوری قوم کا مطالبہ ہے۔ عوام مہنگائی، ناجائز ٹیکسوں اور اشرافیہ کی مراعات سے تنگ آ چکے ہیں اور اب انہیں عملی ریلیف چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے مطالبات بالکل واضح ہیں۔ پٹرولیم لیوی مکمل طور پر ختم کی جائے، آئی پی پیز کے ظالمانہ معاہدوں کا خاتمہ کیا جائے، آٹے کے شعبے میں مافیا اور مصنوعی مہنگائی کا سدباب کیا جائے اور سرکاری گاڑیوں کی حد زیادہ سے زیادہ 1300 سی سی مقرر کی جائے۔ حکمران اگر واقعی عوام کو ریلیف دینا چاہتے ہیں تو انہیں سب سے پہلے اپنے اخراجات اور اشرافیہ کی مراعات کم کرنا ہوں گی۔امیر جماعت اسلامی پنجاب نے کہا کہ ملک میں مہنگائی اور معاشی مشکلات کا اصل بوجھ عام آدمی اٹھا رہا ہے، جبکہ حکمران طبقہ مراعات اور شاہانہ اخراجات میں کمی کرنے کو تیار نہیں۔

جماعت اسلامی عوام کے حقوق کی جنگ ہر سطح پر جاری رکھے گی اور مذاکرات کے ساتھ ساتھ پُرامن احتجاج، عوامی رابطہ مہم اور دستخطی مہم کو بھی مزید وسیع کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا مقصد اقتدار نہیں بلکہ عوام کو ان کا حق دلانا ہے ۔ جب تک پٹرولیم لیوی، بجلی کے ظالمانہ معاہدوں، آٹے کی مافیا اور حکمرانوں کے غیر ضروری اخراجات کے خلاف مؤثر اقدامات نہیں کیے جاتے، جماعت اسلامی اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں