لاہور (رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پنجاب کو ہائر ایجوکیشن کا ہب بنانا چاہتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا ہے۔
اجلاس میں پنجاب میں یونیورسٹیو ں کے قیام کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے یونیورسٹیو ں کے قیام سے متعلقہ امور پر تیز رفتاری سے عملدرآمد کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ نئی یونیورسٹیاں بننے سے دور دراز علاقوں کے طلبہ بالخصوص طالبات مستفید ہوں گی۔عثمان بزدار نے کہا کہ صوبے بھر میں نئے کالجوں کے قیام کیلئے سرکاری اراضی کی منتقلی کی اصولی منظوری دے دی ہے جبکہ پنجاب حکومت نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ عالمی سطح پر پنجاب کی یونیورسٹیوں کی رینکنگ میں بہتری خوش آئند ہے، پنجاب کے دور دراز علاقوں میں کالجز بنانے کیلئے تمام تر اقدامات بروئے کار لائیں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب بدل رہا ہے، تعلیمی انقلاب دستک دے رہا ، فروغ تعلیم میں نجی شعبے کیلئے آسانیاں پیدا کی جائیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکنو پولس منصوبہ حقیقی معنوں میں ایجوکیشنل گیم چینجر ثابت ہو گا۔
واضح رہے کہ صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں، صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔