مریم نوازشریف 36

پرامن باہمی طرز زندگی کے فروغ کیلئے انتہا پسندی کا خاتمہ ضروری ہے، مریم نواز

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پرامن باہمی طرز زندگی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ اس دن کو منانے کا مقصد ایک پرامن، پرسکون اور پُروقار دنیا کے خواب کو حقیقت میں بدلنا ہے۔

وزیر اعلی ٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ حالیہ عالمی بحرانوں کے دوران پاکستان نے ایک امن پسند ملک کے طور پر اپنی شناخت مزید مستحکم کی ہے، جبکہ امن و خوشحالی کے فروغ کے لیے پاکستان نے بھرپور خدمات سرانجام دی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں پاکستان کی امن پسند شناخت ہر پاکستانی کے لیے باعثِ فخر ہے اور پرامن، ہم آہنگ، متحد اور یکسو معاشرے کی تشکیل ہماری اجتماعی جدوجہد کا اہم حصہ ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت پرامن اور رواداری پر مبنی معاشرے کے قیام کے لیے پُرعزم ہے، اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پنجاب میں امن و امان کی صورتحال ماضی کے مقابلے میں بہتر اور مثالی ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ہر شہری رنگ، نسل اور مذہبی تعصب سے بالاتر ہو کر باوقار اور پرامن زندگی گزار سکتا ہے، جبکہ لسانی، سماجی، مسلکی اور تہذیبی تناؤ کے خاتمے کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔

مریم نواز شریف نے زور دیا کہ پرامن باہمی طرز زندگی کے فروغ کے لیے فکری اور عملی انتہا پسندی کا مکمل خاتمہ ناگزیر ہے، خواتین کو محفوظ اور بااختیار بنانے کی کاوشیں بھی دراصل پرامن معاشرے کے قیام کی جانب اہم قدم ہیں، جبکہ تشدد کے خاتمے کو یقینی بنانے کے لیے قانونی اصلاحات بھی متعارف کرائی جا رہی ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے پیغام میں کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کے فرمودات کی روشنی میں پرامن معاشرے کی تشکیل کا عزم غیر متزلزل ہے اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہر پاکستانی امن، عزت اور باہمی احترام کے ساتھ زندگی گزارنے کے قابل ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں